ورلڈ کپ 2026: ایران کی جگہ اٹلی کو شامل کرنے کی تجویز
- ایران نے گزشتہ سال مسلسل چوتھے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا لیکن جنگ کے آغاز کے بعد فیفا سے درخواست کی کہ ٹیم کے گروپ مرحلے کے تینوں میچز امریکہ سے میکسیکو منتقل کر دیے جائیں
فنانشل ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک اعلیٰ ایلچی نے فیفا سے درخواست کی ہے کہ آئندہ ورلڈ کپ میں ایران کی جگہ اٹلی کو شامل کیا جائے۔ یہ تجویز مبینہ طور پر صدر ٹرمپ اور اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کی ایک کوشش ہے، جو ایران جنگ کے معاملے پر پوپ لیو XIV پر ٹرمپ کی تنقید کے بعد کشیدہ ہو گئے تھے۔
امریکی خصوصی ایلچی پاولو زامپولی نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے صدر ٹرمپ اور فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کو اٹلی کی شمولیت کا مشورہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چار بار کے عالمی چیمپئن کے طور پر اٹلی اس ٹورنامنٹ میں شمولیت کا پورا حق رکھتا ہے۔ یاد رہے کہ اٹلی کوالیفائنگ پلے آف میں بوسنیا سے شکست کے بعد مسلسل تیسری بار ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا تھا۔
دوسری جانب ایران نے جنگی حالات کے پیشِ نظر اپنے گروپ میچز امریکہ سے میکسیکو منتقل کرنے کی درخواست کی ہے، تاہم فیفا کے صدر کا کہنا ہے کہ میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ اگر ایران دستبردار ہوتا ہے تو فیفا کے قوانین کے تحت کسی بھی دوسری ٹیم کو شامل کرنے کا اختیار فیفا کے پاس ہے۔ ایشیائی فٹ بال کنفیڈریشن ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات کی شمولیت کے لیے دباؤ ڈالے گی لیکن اٹلی کی فٹ بال کی تاریخ اسے مضبوط امیدوار بناتی ہے۔ ورلڈ کپ کا آغاز 11 جون کو ہوگا جبکہ ایران کا پہلا میچ 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول ہے۔