پاکستان

بنجر زمینیں معاشی زونز میں تبدیل، پنجاب میں بلیواکانومی پروگرام شروع

  • بین الاقوامی معیار کی ایکوا کلچر اور شرمپ فارمنگ کے فروغ سے بنجر زمینوں کو آباد کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور برآمدات میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی، مریم نواز
شائع اپ ڈیٹ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلیو اکانومی پروگرام کے تحت صوبے بھر کی بنجر زمینوں کو اکنامک زونز میں تبدیل کر کے آباد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

پنجاب میں بلیو اکانومی کے فروغ کیلئے سرگودھا شرمپ اسٹیٹ، علی والا اور شاہ گڑھ شرمپ فارم منصوبوں کے انفرااسٹرکچر کی تیاری میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

ترجمان ایوان وزیراعلی کے مطابق سرگودھا شرمپ فارمنگ منصوبے کیلئے 126 میں سے 118 تالابوں کی کھدائی مکمل کر لی گئی جب کہ 118 تالابوں کے 92 فیصد پشتوں کی تعمیرکا کام بھی مکمل ہوچکا ہے۔ 116 ٹیوب ویلز کی بورنگ مکمل ہونے سے پانی فراہمی کے نظام کا 92 فیصد کام تکمیل کو پہنچ چکا ہے۔

وزیراعلی کی ہدایت پر سرگودھا شرمپ فارمنگ منصوبے کے لیے 365 ایکڑ اراضی کی صفائی اور سروے کا 100 فیصد کام مکمل کر لیا گیا۔ شرمپ فارمنگ کا یہ منصوبہ مجموعی طور پر 500 ایکڑ پر مشتمل ہے۔

2020 میٹر سڑک کی تعمیر کے لیے زمین کو پختہ بنانے کا مرحلہ مکمل ہوگیا جبکہ منصوبے کی مزید سڑکوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ویئر ہاؤس کی تعمیر 90 فیصد مکمل ہو چکی ہے، ایڈمن بلاک اور فیڈ سٹور کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔

علی والا شرمپ اسٹیٹ کے لئے مختص اراضی کے1267 ایکڑ میں سے 90 فیصد رقبہ کلیئر کر دیا گیا۔737 میں سے 642 تالابوں کی کھدائی بھی مکمل کر لی گئی۔ ڈرینج سسٹم پر 91 فیصد کام مکمل ہوگیا جبکہ ایم ڈی سی ڈرینز کی کھدائی کا 100 فیصد کام بھی مکمل ہوچکا ہے۔

9000 میٹر روڈ نیٹ ورک کا سروے و کلیئرنگ مکمل کر لی گئی اور ارتھ فلنگ کا 80 فیصد کام بھی مکمل ہو گیا ہے۔ علی والا شرمپ فارمنگ منصوبے کے لیے 317 ٹیوب ویلز کی بورنگ کا کام مکمل ہوگیا۔

وزیراعلی کے وژن کے تحت علی والا شرمپ فارمنگ منصوبے میں ایڈمن آفس، ہاسٹل، ویئر ہاوس اور لیبر کی رہائشی عمارت تعمیرکی جارہی ہیں جس کی بنیادوں کا 100 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے۔

شاہ گڑھ شرمپ فارم میں واٹر سپلائی 90 فیصد، الیکٹریفیکیشن 95 فیصد اور رابطہ سڑک کی تعمیر کا 97 فیصد کام مکمل کر لیا گیا۔

وزیراعلی کے وژن کے تحت صوبے میں پہلی مرتبہ سرکاری سرپرستی میں جھینگوں کی افزائش کے لیے جدید سائنسی نظام کے استعال کا یہ پہلا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔

جھینگوں کی افزائش کے لیے درکار پانی کا درجہ حرارت موزوں پایا گیا ہے، منصوبے پر کام کرنے والے ماہرین نے تجربات کی رپورٹ حکام کو پیش کر دی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ بین الاقوامی معیار کی ایکوا کلچر اور شرمپ فارمنگ کے فروغ سے بنجر زمینوں کو آباد کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور برآمدات میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔

ماہرین کی رپورٹ کے مطابق جھینگوں کی افزائش کے لیے روزانہ 114 کلوگرام خوراک فراہم کی جا رہی ہے۔ سپلیمنٹس کے ذریعے جھینگوں کے بین الاقوامی معیار اور پیداوار میں بہتری کی رپورٹ بھی حوصلہ افزا پائی گئی۔

وزیراعلی نے شرمپ فارمنگ منصوبے پر تیزی سے پیش رفت پرپوری ٹیم کو شاباش دی۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ عالمی معیار کی شرمپ فارمنگ کو پنجاب کو ایکوا کلچر کا مرکز بنائے گی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026