بنوں میں خودکش حملہ، 5 افراد شہید، 18 زخمی
- سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کے باعث حملہ آور اپنے ہدف تک نہ پہنچ سکا، صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی مذمت
بنوں میں ڈومیل پولیس اسٹیشن کے گیٹ سے خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی، دھماکے میں 5 افراد شہید اور 18 زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے آج نیوز نے جمعہ کو رپورٹ دی ہے کہ بنوں کے علاقے ڈومیل میں ایک خودکش حملہ آور نے تھانے پر حملے کی کوشش کی تاہم مؤثر حفاظتی اقدامات کے باعث وہ اپنے ہدف تک نہ پہنچ سکا اور اس نے تھانے کے باہر موجود شہریوں کو نشانہ بنایا۔
بزدلانہ حملے کے نتیجے 5 افراد شہید ہوگئے جن میں 3 خواتین، ایک بچہ اور ایک مرد شامل ہیں جب کہ 18 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں اور شہدا کی لاشوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا، ملبہ ہٹانے کا کام بھی جاری ہے۔
اعلیٰ سکیورٹی حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاکہ حملے میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جاسکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عناصر بنوں کے پرامن ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں، تاہم سکیورٹی ادارے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
سکیورٹی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کریں جبکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں کے علاقے ڈومیل میں پولیس اسٹیشن پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں ڈومیل پولیس سٹیشن پر خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ ملک میں بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ کیا جانا اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے قومی عزم غیر متزلزل ہے۔
صدرِ مملکت نے جاں بحق ہونے والے افراد کی مغفرت اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یا بی کے لئے دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پرافسوس کا اظہار کیا ہے ۔
وزیر اعظم نے واقعہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہوئے ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا ۔