کھیل

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا آج سے تماشائیوں کے بغیر آغاز

  • آج کے سیزن میں براڈکاسٹ پروڈکشن میں کئی جدید اضافے کیے گئے ہیں
شائع March 26, 2026 اپ ڈیٹ March 26, 2026 02:09pm

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 پاکستان اور دنیا بھر کے شائقین کے لیے گھر بیٹھے میچ دیکھنے کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے تیار ہے، جس کے لیے جمعرات (آج) سے شروع ہونے والے سیزن میں براڈکاسٹ پروڈکشن میں کئی جدید اضافے کیے گئے ہیں۔

افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کا مقابلہ حیدرآباد کنگزمین سے ہوگا۔ قذافی اسٹیڈیم میں یہ میچ شام 7:00 بجے شروع ہوگا، تاہم کفایت شعاری مہم کے باعث یہ مقابلہ تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا۔

خصوصی اردو کمنٹری پینل کے علاوہ، اردو فیڈ کے لیے مخصوص کیمرے، اسٹوڈیو شوز، ہائی لائٹس اور فیچرز بھی ہوں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پی ایس ایل شائقین کی بھرپور دلچسپی کے لیے پہلی بار خصوصی اردو اسٹوڈیو پیش کرے گا۔

اس ایڈیشن میں ہاک آئی کی خدمات بشمول تمام ڈی آر ایس اپ گریڈیشن دستیاب ہوں گی۔ اسکرین پر چھکے کا فاصلہ اور گیند کی بلندی کا ڈیٹا بھی دکھایا جائے گا۔ کھلاڑیوں کی جسمانی حرکات اور بلے کی جنبش کو سائنسی طریقے سے مانیٹر کرنے والی ٹیکنالوجی کے ذریعے شائقین کو کھیل کی باریکیاں زیادہ تیزی سے بتائی جائیں گی۔

پلیئر ٹریکنگ ٹیکنالوجی، جو پچھلے ایڈیشن میں متعارف کرائی گئی تھی، اب ریئل ٹائم فیلڈ پلاٹ اور تھری ڈی اسٹیڈیم اینیمیشن جیسے جدید فیچرز کے ساتھ واپس آئے گی۔ بین الاقوامی معیار کے مطابق کوریج میں آگمینٹڈ ریالٹی (اے آر) اور ورچوئل ریالٹی (وائی آر) گرافکس کا کثرت سے استعمال کیا جائے گا، جبکہ آن ایئر گرافکس نیو ایرا کی عکاسی کریں گے۔

دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 11 کے لیے ٹکٹوں کی واپسی (ری فنڈ) کی پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔ آن لائن ٹکٹ خریدنے والے تمام شائقین کو ان کی رقم اسی طریقے (ڈیبٹ/کریڈٹ کارڈ، جیز کیش، ایزی پیسہ) سے خود بخود واپس کر دی جائے گی جس سے ادائیگی کی گئی تھی۔ ری فنڈ کا عمل 30 مارچ 2026 سے شروع ہوگا اور 15 ورکنگ ڈیز میں مکمل کر لیا جائے گا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026