صدر مملکت نے مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو فوجی اعزازات سے نواز دیا
- اعزازات میں 11 ستارہ بسالت، 475 تمغہ بسالت اور 130 امتیازی اسناد شامل ہیں
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے افسران اور جوانوں کو ان کی جرات، بہادری اور شاندار خدمات کے اعتراف میں متعدد فوجی اعزازات سے نوازا ہے۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق ان اعزازات میں 11 ستارہ بسالت، 475 تمغہ بسالت، 130 امتیازی اسناد اور 378 چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) تعریفی کارڈز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 23 ہلالِ امتیاز (ملٹری)، 100 ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 136 تمغہ امتیاز (ملٹری) بھی عطا کیے گئے ہیں۔
ستارہ بسالت حاصل کرنے والوں میں میجر کامل حسین (آرٹلری)، میجر سبطین حیدر (شہید) (پنجاب رجمنٹ)، میجر حمزہ اسرار (شہید) (فرنٹیئر فورس)، میجر عدنان اسلم (شہید) (فرنٹیئر فورس)، کیپٹن حسنین اختر (شہید) (آرٹلری)، حوالدار علی بلاول (شہید) (ایف سی بلوچستان ساؤتھ)، نائیک بخت ضامن (شہید) (ایف سی بلوچستان ساؤتھ)، سپاہی رحمان زادین (شہید) (فرنٹیئر فورس)، سپاہی ثقلین حکم داد (شہید) (ایس ایس جی)، ریئر ایڈمرل محمد سہیل ارشد اور ریئر ایڈمرل مظہر محمود ملک شامل ہیں جبکہ متعدد افسران اور جوانوں بشمول شہداء کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا ہے۔ ان میں لیفٹیننٹ کرنل محمد سیف اللہ بیگ، میجر سید معیز عباس شاہ (شہید)، میجر محمد شبیر، میجر دانیال تنویر راجہ، میجر محمد اویس (شہید)، میجر سلیم ملک، میجر سعد بن زبیر (شہید)، میجر محمد حسیب (شہید)، میجر عاطف خلیل (شہید) اور کیپٹن محمد علی قریشی (شہید) کے علاوہ دیگر بہت سے نام شامل ہیں۔
فہرست میں پنجاب رجمنٹ، فرنٹیئر فورس، بلوچ رجمنٹ، سندھ رجمنٹ، ناردرن لائٹ انفنٹری، اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) اور فرنٹیئر کور (خیبر پختونخوا اور بلوچستان) سے تعلق رکھنے والے جونیئر کمیشنڈ افسران اور سپاہی بھی شامل ہیں، جن میں سے اکثریت کو یہ اعزاز بعد از شہادت دیا گیا ہے۔ اسی طرح اعلیٰ کارکردگی پر امتیازی اسناد پانے والوں میں لیفٹیننٹ کرنل محمد اظہار احمد، لیفٹیننٹ کرنل محمد عمیر خان، لیفٹیننٹ کرنل یاسر خان، لیفٹیننٹ کرنل طاہر محمود اور لیفٹیننٹ کرنل اسامہ رحیم سمیت کئی میجرز، کیپٹنز اور جوان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ اعزازات ملک کے دفاع میں مسلح افواج کے پختہ عزم اور قربانیوں کے عکاس ہیں، جہاں ایک بڑی تعداد ان غازیوں اور شہداء کی ہے جنہوں نے فرض کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔