ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، محمد اورنگزیب
- پیٹرولیم مصنوعات پر 69 ارب روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں، وزیرِ خزانہ
وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تمام شہروں اور قصبوں میں پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی باآسانی دستیاب ہے، جبکہ ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق انرجی سسٹم کی سخت نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ حکومت نے 69 ارب روپے کا مالی بوجھ خود برداشت کیا ہے، تاکہ عوام کو کم سے کم قیمتوں پر پٹرولیم مصنوعات فراہم کی جا سکیں اور علاقائی صورتحال کے اثرات صارفین تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔علاقائی کشیدگی اور جاری تنازعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ نے کہا کہ یہ صورتحال انرجی انفرااسٹرکچر کو متاثر کرے گی، تاہم توقع ہے کہ اگلے ماہ تک صورتحال مستحکم رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کے مستحق طبقات کے لیے ایک مخصوص امدادی پیکج (ٹارگٹڈ ریلیف پیکج) تیار کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں پٹرولیم، آئی ٹی اور خزانہ سمیت تمام متعلقہ وزارتیں ایک مربوط حکمت عملی پر مل کر کام کر رہی ہیں۔
وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت موجودہ معاشی صورتحال کے تجارت اور سرمایہ کاری پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔