کئی ممالک آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کیلئے جنگی جہاز بھیجیں گے، ٹرمپ کا دعوی
- امریکی صدر امید کرتے ہیں کہ چین، فرانس، جاپان، جنوبی کوریا، برطانیہ اور دیگر ممالک اپنے جہاز بھیجیں گے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتہ کو کہا کہ کئی ممالک آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے لیے جنگی جہاز بھیجیں گے، تاہم انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ کون سے ممالک اس اقدام میں عملی طور پر شریک ہوں گے۔
ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ”بہت سے ممالک، خاص طور پر وہ جو ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی کوشش سے متاثر ہو سکتے ہیں، ریاستہائے متحدہ امریکہ کے ساتھ مل کر آبنائے کو کھلا اور محفوظ رکھنے کے لیے جنگی جہاز بھیجیں گے۔“
ٹرمپ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ چین، فرانس، جاپان، جنوبی کوریا، برطانیہ اور دیگر ممالک بھی اس مقصد کے لیے اپنے جہاز علاقے میں روانہ کریں گے۔
انہوں نے لکھا کہ ”اس دوران امریکہ ساحلی پٹی پر بھرپور بمباری کرے گا اور ایرانی کشتیوں اور جہازوں کو مسلسل سمندر میں ہی تباہ کرتا رہے گا۔“
وائٹ ہاؤس نے اس بارے میں فوری طور پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا کہ آیا کسی ملک نے واقعی اس کارروائی میں اپنے جہاز بھیجنے پر رضامندی ظاہر کی ہے یا نہیں۔