پاکستان

وزیراعظم کی نئے ایرانی سپریم لیڈر کو مبارکباد، آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر اظہار تعزیت

  • اُمید ہے نئے سپریم لیڈر ایران کو امن، استحکام اور خوشحالی کی طرف لے جائیں گے، شہباز شریف
شائع اپ ڈیٹ

وزیر اعظم شہباز شریف نے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کے رہبرِ اعلیٰ (سپریم لیڈر) کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم نے ان کے والد اور سابق رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای کی شہادت پر بھی تعزیت کا اظہار کیا، جو یکم مارچ کو امریکہ اور اسرائیل کے فضائی حملوں میں شہید ہو گئے تھے۔

ایک پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے مجتبیٰ خامنہ ای کو دلی مبارکباد دی اور اہل وطن کی جانب سے آیت اللہ علی خامنہ ای اور خاندان کے دیگر افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے بلندیِ درجات کی دعا کی۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نئے رہبرِ اعلیٰ آنے والے برسوں میں ایران کو امن، استحکام اور خوشحالی کی طرف لے جائیں گے۔

وزیراعظم نے اس مشکل وقت میں ایران کے عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کیا اور دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی امید ظاہر کی۔