نیپرا کا کیسکو اور پیسکو پر 75 ملین روپے کا بھاری جرمانہ
- جرمانے لائن لاسز اور وصولیوں کی بنیاد پر کی جانے والی لوڈ شیڈنگ سے متعلق خلاف ورزیوں اورٹی اینڈ ڈی کے نقصانات کو کم کرنے اور ریکوری کو بہتر بنانے میں ناکامی پر لگائے گئے
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) پر مجموعی طور پر 75 ملین روپے کے جرمانے عائد کردیے ہیں۔ یہ جرمانے بالترتیب لائن لاسز اور وصولیوں کی بنیاد پر کی جانے والی لوڈ شیڈنگ سے متعلق خلاف ورزیوں اور ترسیل و تقسیم (ٹی اینڈ ڈی) کے نقصانات کو کم کرنے اور ریکوری کو بہتر بنانے میں ناکامی پر لگائے گئے ہیں۔
کیسکو
ڈسکوز اور کےالیکٹرک کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ای پی اے) کے بارے میں سماعتوں کے دوران، نیپرا کو عوام کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہوئیں۔
تحقیقات سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ کیسکو اپنی اے ٹی اینڈ سی نقصانات کی پالیسی کے تحت لوڈشیڈنگ کررہی تھی جسے نیپرا ایکٹ 1997 یا پرفارمنس اسٹینڈرڈز (ڈسٹری بیوشن) رولز 2005 کے تحت قانونی حیثیت حاصل نہیں۔
اتھارٹی (نیپرا) نے مشاہدہ کیا کہ لائسنس یافتہ ادارہ (کیسکو) نہ صرف طے شدہ دورانیے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ کررہا ہے بلکہ آپریشن اینڈ مینٹیننس کیلئے بھاری فنڈز کی فراہمی کے باوجود گزشتہ 4 سال کے دوران منتخب فیڈرز کی تکنیکی اور مالی حالت بہتر بنانے میں بھی ناکام رہا ہے۔
نتیجتاً نیپرا نے قانونی کارروائی کا آغاز کیا اور 3 اپریل 2024 کے حکم نامے کے ذریعے پرفارمنس اسٹینڈرڈز (ڈسٹری بیوشن) رولز 2005 کے رول 4(ایف)، نیپرا ایکٹ کے سیکشن 21(2)(بی) اور (ایف) اور اپنے ڈسٹری بیوشن لائسنس کے آرٹیکل 11 کی خلاف ورزی کرنے پر کیسکو پر نیپرا ایکٹ اور نیپرا (جرمانہ) ریگولیشنز 2021 کے تحت 5 کروڑ (50 ملین) روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔
کیسکو نے اس فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کی تھی جسے نیپرانے یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ لائسنس یافتہ ادارہ تسلی بخش شواہد فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ اتھارٹی نے کیسکو کو فوری اے ٹی اینڈ سی کی بنیاد پر کی جانے والی لوڈ شیڈنگ روکنے کی ہدایت کی اور اصل حکم کی تاریخ سے لے کر مکمل تعمیل تک، خلاف ورزی جاری رکھنے کی صورت میں ایک لاکھ (0.1 ملین) روپے روزانہ کا اضافی جرمانہ بھی عائد کردیا ہے۔
پیسکو
نیپرا نے سی پی پی اے جی کی جون 2024 کی گردشی قرضہ رپورٹ کا جائزہ لیا جس سے انکشاف ہوا کہ مالی سال 24-2023 کے دوران ڈسکوز کی بجلی کی خریداری کم ہو کر 115,142 گیگا واٹ آوررہ گئی جو کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 1 فیصد کمی ظاہر کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ترسیل و تقسیم کے نقصانات 16.84 فیصد سے بڑھ کر 18.31 فیصد ہو گئے جو نیپرا کے مقررہ اوسط ہدف (11.77 فیصد) سے 6.54 فیصد زیادہ ہیں۔ نیٹ ورک کی بہتری کے لیے 163.1 ارب روپے کی سرمایہ کاری کے باوجود ان نقصانات نے گردشی قرضے میں تقریباً 276 ارب روپے کا اضافہ کیا۔
خصوصاً پیسکو کے حوالے سے مالی سال 24-2023 میں ترسیل و تقسیم کے نقصانات مالی سال 23-2022 کے 37.54 فیصد سے بڑھ کر 38.14 فیصد ہوگئے جس سے مالی نقصانات 78 ارب روپے سے بڑھ کر 97.2 ارب روپے تک جا پہنچے۔ لائسنس یافتہ ادارے (پیسکو) نے ان نقصانات کی وجوہات میں بجلی کے غیر قانونی کنکشنز (کنڈے)، دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں سیکیورٹی کے مسائل، گھریلو صارفین کی بڑی تعداد، عملے کی کمی اور آپریشنل رکاوٹوں کا حوالہ دیا۔
تاہم نیپرا نے پیسکو کے دلائل کو مسترد کرتے ہوئے نوٹ کیا کہ ادارہ شو کاز نوٹس کا تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہا ہے۔ اتھارٹی نے مالی سال 23-2022 کے مقابلے میں مالی سال 24-2023 کے دوران نقصانات کم کرنے اور وصولیوں میں بہتری لانے میں ناکامی پر پیسکو پر 2.5 کروڑ (25 ملین) روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026