کھیل

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے برانڈ پارٹنرشپ حقوق نئے دور میں داخل

  • لیگ کے آغاز سے اب تک ان حقوق کی مالیت میں 1,226 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا، سی ای او سلمان نصیر
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے برانڈ پارٹنرشپ حقوق کے لیے چار سالہ سائیکل (2029-2026) کے کامیاب بولی کے عمل کی تکمیل کا اعلان کر دیا ہے، جس کا آغاز پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن سے ہوگا۔

ان برانڈ پارٹنرشپ حقوق میں چھ کیٹیگریز کے حقوق کے ساتھ ساتھ امپائر برانڈنگ کے حقوق بھی شامل ہیں۔ مالی بولی کے آغاز سے قبل پی ایس ایل نے اپنے شفاف اور مستحکم بولی کے عمل کے عین مطابق حقوق کے لیے ریزرو قیمت کا اعلان کیا تھا۔ ٹرانس گروپ نے اس ریزرو قیمت سے زیادہ کی بولی لگا کر یہ پارٹنرشپ حقوق حاصل کر لیے۔

یہ ریکارڈ ڈیل ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 2016 میں ہونے والے پہلے ایڈیشن کے مقابلے میں برانڈ پارٹنرشپ کی قدر میں 1,226 فیصد نمایاں اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔

پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے اس موقع پر کہا ہم برانڈ پارٹنرشپ حقوق کی فروخت کے نتائج پر بے حد خوش ہیں۔ لیگ کے آغاز سے اب تک ان حقوق کی مالیت میں 1,226 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جو پی ایس ایل برانڈ کی مقبولیت اور دنیا بھر کے شائقینِ کرکٹ کے لیے اس کی بڑھتی ہوئی کشش کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہم ٹرانس گروپ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس نئے دور میں قدم رکھتے ہوئے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے اور ایک دہائی سے پی ایس ایل کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ ہم سب اگلے ایڈیشن کے آغاز کے منتظر ہیں، جس میں پہلی بار آٹھ ٹیمیں دو نئے وینیوز پر مدمقابل ہوں گی۔

ٹرانس گروپ کے ڈائریکٹر راؤ عمر ہاشم نے کہا کہ ان کا گروپ پی ایس ایل کے وژن پر یقین رکھتا ہے اور اس سنگ میل کا حصول پاکستان کرکٹ کی کمرشل ترقی میں ان کے عزم کا عکاس ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026