فلسطینی فٹ بال کی بحالی کے لیے فیفا 75 ملین ڈالر کے فنڈ کی قیادت کرے گا
- مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ فیفا غزہ کے منصوبوں کے لیے 75 ملین ڈالر جمع کرنے میں مدد کرے گا، صدر ٹرمپ
صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور عالمی فٹ بال فیڈریشن (فیفا) نے غزہ میں جنگ سے تباہ حال فٹ بال سہولیات کی بحالی کے لیے 75 ملین ڈالر کے فنڈ کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان واشنگٹن میں ٹرمپ کے نومنتخب بورڈ آف پیس کے پہلے اجلاس کے دوران کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد غزہ کی تعمیرِ نو ہے۔
صدر ٹرمپ نے فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کی موجودگی میں بتایا کہ یہ فنڈز غزہ میں فٹ بال کے میدانوں کی تعمیر اور عالمی ستاروں کو وہاں لانے کے لیے استعمال ہوں گے۔ انہوں نے مذاقاً انفینٹینو سے کہا کہ جیانی، وہاں ایسے فٹ بال اسٹارز آئیں گے جو آپ اور مجھ سے بھی بڑے اسٹار ہیں۔ ٹرمپ نے مستقبل میں ان منصوبوں کے افتتاح کے لیے خود وہاں جانے کا اشارہ بھی دیا۔
بعد ازاں فیفا نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے ایک فٹ بال اکیڈمی، 20 ہزار نشستوں والا نیشنل اسٹیڈیم اور درجنوں پچز بنانے کا منصوبہ پیش کیا۔ فیفا کے مطابق یہ فنڈز بین الاقوامی رہنماؤں اور اداروں سے جمع کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ انفینٹینو اور ٹرمپ کے درمیان قریبی مراسم ہیں،حال ہی میں انفینٹینو نے ٹرمپ کو فیفا پیس پرائز سے بھی نوازا تھا۔
بورڈ آف پیس کا قیام قطر اور مصر کے تعاون سے اکتوبر میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد عمل میں آیا ہے، تاکہ غزہ میں بحالی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔