پاکستان

قازقستان کے صدر کل اپنے پہلے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے

  • دو روزہ دورے کے دوران صدر توکایف کی صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات اور بزنس فورم سے خطاب متوقع ہے
شائع February 2, 2026 اپ ڈیٹ February 2, 2026 12:49pm

وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف منگل سے بدھ تک اپنے پہلے سرکاری دورے پرپاکستان پہنچیں گے۔

دفترِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہو گا جس میں کابینہ کے سینئر وزرا اور دیگر اعلیٰ عہدے دار شامل ہوں گے۔

دو روزہ دورے کے دوران صدر توکایف کی صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات اور پاکستان قازقستان بزنس فورم سے خطاب متوقع ہے۔

دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ یہ دورہ یہ دورہ فریقین کو دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لینے، تعاون کو وسعت دینے، بالخصوص تجارت، لاجسٹکس، علاقائی اور عوامی روابط اور علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر تعاون کو بڑھانے کے لیے نئی راہوں پر تبادلہ خیال کرنے کا ایک اہم اور بروقت موقع فراہم کرے گا۔