پاکستان

پاکستان اور سعودی عرب کا توانائی و معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عزم

  • وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی ملاقات
شائع January 30, 2026 اپ ڈیٹ January 30, 2026 02:22pm

پاکستان اور سعودی عرب نے توانائی و معدنیات کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اپنے عزم کا اعادہ کیا جبکہ باہمی فائدے کے لیے سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

یہ پیش رفت جمعہ کو وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آئی۔ ملاقات میں تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے جاری تعاون کا جائزہ لیا، خاص طور پر توانائی و معدنیات کے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کیں۔

انہوں نے اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے اور باہمی طور پر فائدہ مند سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے حال ہی میں ریاض میں منعقدہ فیوچر منرلز فورم میں پاکستان کی فعال شرکت کو سراہا اور معدنیات کے شعبے میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطے کی اہمیت پر زور دیا۔

اسی دوران وفاقی وزیر نے فیوچر منرلز فورم کے کامیاب انعقاد پر سعودی عرب کو مبارکباد دی اور اس بات کو نوٹ کیا کہ یہ پلیٹ فارم علاقائی تعاون کے لیے اہم مواقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب معدنیات اور توانائی دونوں شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے وسیع تر صلاحیت رکھتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ٹھوس نتائج کی شکل اختیار کریں گے جس سے سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور باہمی فائدے کیلئے پائیدار ترقی کے اقدامات کو فروغ ملے گا۔

دونوں اطراف نے اقتصادی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔