پاکستان

وکیل پر تشدد : لاہور ٹیکس بار کا کمشنر آئی آر کی معطلی اور ایف آئی آر کا مطالبہ

  • وکلاء ایف بی آر کے ماتحت نہیں، خوف اور ذاتی دشمنی کی کارروائی کا مزاحمت سے جواب دیں گے، ایل ٹی بی اے
شائع January 26, 2026 اپ ڈیٹ January 26, 2026 01:38pm

لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن (ایل ٹی بی اے) نے ایف بی آر کے کمشنر ان لینڈ ریونیو کے خلاف فوجداری کارروائی کے عدالتی حکم کے بعد ان کی فوری معطلی اور مستقل تبادلے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایف بی آر چیئرمین کو لکھے گئے خط میں بار کے صدر محمد آصف رانا نے واقعے کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ افسر سپریم کورٹ کے وکیل کے خلاف تشدد، دھمکیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث پائے گئے ہیں۔

ایل ٹی بی اے کے مطابق وکلاء عدالت کے افسران ہیں، وہ ٹیکس حکام کے ماتحت نہیں لہٰذا خوف یا ذاتی دشمنی کی بنیاد پر کسی بھی کارروائی کا بھرپور ادارہ جاتی مزاحمت سے مقابلہ کیا جائے گا۔

سیشن جج لاہور نے حقائق کا جائزہ لینے کے بعد کمشنر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ بار نے مطالبہ کیا کہ مجرمانہ کارروائی مکمل ہونے تک افسر کو معطل کیا جائے اور انہیں تمام انتظامی و عدالتی عہدوں سے مستقل طور پر ہٹایا جائے۔

مزید برآں وکلاء کے خلاف تشدد میں ملوث افسران کو فیلڈ پوسٹنگ نہ دینے کے لیے واضح پالیسی وضع کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔