ماری انرجیز کا ڈیرہ بگٹی میں گیس کی دریافت کا اعلان
- تِبری ون کلچاس ساؤتھ بلاک میں کھودا جانے والا پہلا ایکسپلورٹری کنواں ہے
ماری انرجیز لمیٹڈ نے پیر کو بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں واقع کلچاس ساؤتھ بلاک میں کھودے گئے تبری-ون کنویں سے گیس کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی نے اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں تحریر کیا کہ کلچاس ساؤتھ جوائنٹ وینچر، یونائیٹڈ انرجی پاکستان لمیٹڈ (یو ای پی ایل) بطور آپریٹر (46 فیصد ورکنگ انٹرسٹ)، ماری انرجیز لمیٹڈ ( 44 فیصد ورکنگ انٹرسٹ) اور دیوان پٹرولیم (پرائیویٹ) لمیٹڈ (ڈی پی ایل) پر مشتمل ہے جس کا حصہ 10 فیصد ہے۔
نوٹس کے مطابق تِبری ون کلچاس ساؤتھ بلاک میں کھودا جانے والا پہلا ایکسپلورٹری کنواں ہے جو 11 نومبر 2025 کو شروع کیا گیا اور 7,170 فٹ کی گہرائی تک کھودا گیا۔
نوٹس کے مطابق ڈنگھن/سوئی مین لائم اسٹون (ایس ایم ایل) کی ابتدائی جانچ کے نتیجے میں 64/64 انچ چوک پر گیس کے بہاؤ کی شرح 11 ایم ایم ایس سی ایف ڈی رہی جبکہ ویل ہیڈ فلونگ پریشر (ڈبلیو ایچ ایف اپی) 561 پی ایس آئی جی ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح 32/64 انچ چوک پر گیس کے بہاؤ کی شرح 6.5 ایم ایم ایس سی ایف ڈی اور ویل ہیڈ فلونگ پریشر 1,161 پی ایس آئی جی رہا۔
کمپنی نے بتایا کہ کنویں کی بھرپور صلاحیت کا مکمل اندازہ لگانے کے لیے مزید جانچ جاری ہے۔
جولائی 2023 میں دیوان پٹرولیم (ڈی پی ایل) سے ورکنگ انٹرسٹ حاصل کرنے کے بعد جوائنٹ وینچر نے تلاش کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کیں جس کے نتیجے میں تبری ون سے گیس دریافت ہوئی۔ یہ کامیابی پاکستان کے مقامی ہائیڈرو کاربن وسائل کی تلاش اور ترقی کے لیے جوائنٹ وینچر کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
ماری انرجیز نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی کے چیلنجز کی وجہ سے یہ علاقہ طویل عرصے تک غیر فعال رہا۔