پاک قطر جنرل تکافل کا آئی پی او ریکارڈ 21 گنا زائد سبسکرائب
- کمپنی کو دو روزہ ڈچ بڈنگ کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے 4.74 ارب روپے کی بولیاں موصول ہوئیں
پاک قطر جنرل تکافل لمیٹڈ (پی کے جی ٹی ایل) — جو 2026 میں ملک کا پہلا ابتدائی عوامی پیشکش ( آئی پی او) ہے — نے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں روپے کی بنیاد پر 21 گنا اوورسبسکرپشن ریکارڈ کر کے تاریخ رقم کر دی۔
جنرل تکافل کمپنی کو بدھ اور جمعرات کو ہونے والے دو روزہ ڈچ بڈنگ (بک بلڈنگ) کے عمل کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر 4.74 ارب روپے کی بولیاں موصول ہوئیں، جو پی ایس ایکس کی تاریخ میں اب تک کی سب سے زیادہ 21 گنا اوورسبسکرپشن ہے۔ یہ بات آئی پی او کے لیڈ مینجر عارف حبیب لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو شاہد علی حبیب نے سوشل پلیٹ فارم ایکس پر بتائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پیش رفت غیرمعمولی سرمایہ کار اعتماد اور مارکیٹ میں مضبوط طلب کی عکاس ہے۔
کمپنی نے بُک بلڈنگ کے عمل کے دوران بولی کے آغاز (کم از کم/فلور) شیئر پرائس 10 روپے مقرر کرتے ہوئے 2 کروڑ 25 لاکھ حصص فروخت کر کے کم از کم 22 کروڑ 50 لاکھ روپے کی فنانسنگ حاصل کرنے کا ہدف رکھا تھا۔
اس کے مقابلے میں، کمپنی کو دو روزہ عمل کے دوران ادارہ جاتی اور ہائی نیٹ ورتھ انفرادی سرمایہ کاروں سے مجموعی طور پر 4.74 ارب روپے کی بولیاں موصول ہوئیں، جس کے نتیجے میں روپے کی بنیاد پر آئی پی او کو 21 گنا اوور سبسکرپشن حاصل ہوئی۔
مزید برآں، بولی کے دوران کمپنی کے شیئر کی قیمت فلور پرائس 10 روپے سے 40 فیصد اضافے کے ساتھ مقررہ بالائی حد 14 روپے تک جا پہنچی۔ اس طرح کمپنی نے، بشمول ریٹیل سرمایہ کاروں، 3 کروڑ حصص فروخت کر کے مجموعی طور پر 42 کروڑ روپے اکٹھے کیے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاک قطر جنرل تکافل لمیٹڈ (پی کیو جی ٹی ایل) نے دو روزہ بُک بلڈنگ کے عمل کے ذریعے مجموعی 3 کروڑ حصص میں سے 75 فیصد، یعنی 2 کروڑ 25 لاکھ حصص، 14 روپے فی شیئر کے اسٹرائیک پرائس پر ادارہ جاتی اور ہائی نیٹ ورتھ انفرادی سرمایہ کاروں کو فروخت کیے۔
کمپنی رواں ماہ کے اختتام پر باقی 25 فیصد، یعنی 72 لاکھ حصص، اسی اسٹرائیک پرائس 14 روپے پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریٹیل سرمایہ کاروں کو پیش کرے گی۔
حجمی اعتبار سے، ادارہ جاتی اور ہائی نیٹ ورتھ سرمایہ کاروں کے لیے پیش کیے گئے حصص کو 15 گنا سے کچھ زائد اوور سبسکرپشن حاصل ہوئی، جہاں 2 کروڑ 25 لاکھ حصص کے مقابلے میں 33 کروڑ 88 لاکھ 50 ہزار حصص کی بولیاں موصول ہوئیں۔ یہ تفصیل پی ایس ایکس پر پی کیو جی ٹی ایل کے بڈ اسکرین پر دستیاب نتائج سے ظاہر ہوتی ہے۔
آئی پی او کے پراسپیکٹس کے مطابق ”اس اجرا کا بنیادی مقصد پاکستان کی تکافل انڈسٹری میں پی کیو جی ٹی ایل کی پوزیشن کو مضبوط اور مستحکم بنانا ہے۔ کمپنی اپنے کیپیٹل بیس کو تقویت دینے، سالوینسی مارجنز بہتر بنانے اور ڈیجیٹل ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ جدت پر مبنی، صارف دوست اور کم لاگت تکافل مصنوعات کی ترقی جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔“
پراسپیکٹس کے مطابق پی کیو جی ٹی ایل کا جاری اور سبسکرائب شدہ ادا شدہ سرمایہ اس وقت 71 کروڑ 10 لاکھ 71 ہزار روپے ہے۔ عوامی اجرا کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم کے بعد کمپنی کا ادا شدہ سرمایہ بڑھ کر 1 ارب 1 کروڑ 10 لاکھ روپے ہو جائے گا، جس سے پی کیو جی ٹی ایل کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جانب سے نان لائف انشوررز اور تکافل آپریٹرز کے لیے مقرر کردہ تدریجی ریگولیٹری تقاضے پورے کرنے میں مدد ملے گی۔