ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا میلہ 26 مارچ سے سجے گا، گورننگ کونسل کا بڑا فیصلہ
- سیالکوٹ اور حیدرآباد کی ٹیموں کا خیر مقدمم، لیگ میں ٹیموں کی تعداد 8 ہوگئی
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کا اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقد ہوا، جس میں پی ایس ایل 11 کے شیڈول، کھلاڑیوں کی ریٹینشن (برقرار رکھنے)، پلیئر آکشن (نیلامی) کے طریقہ کار یا آکشن اور براہ راست دستخط کے منفرد امتزاج جیسے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کی، جس میں پی ایس ایل کی تمام آٹھ فرنچائزز کے نمائندوں سمیت پی سی بی اور پی ایس ایل حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز پر چیئرمین پی سی بی اور تمام شرکاء نے سیالکوٹ اور حیدرآباد کی ٹیموں کے نئے مالکان کو پی ایس ایل فیملی میں شامل ہونے پر مبارکباد دی اور انہیں خوش آمدید کہا۔
چیئرمین پی سی بی اور پی ایس ایل ٹیم کو نئی ٹیموں کی نیلامی کے کامیاب انعقاد پر بھی مبارکباد دی گئی، جو لیگ کی ترقی اور ارتقاء کی عکاسی کرتا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا باقاعدہ آغاز جمعرات 26 مارچ کو ہوگا، کیونکہ شائقین، کھلاڑی اور اسٹیک ہولڈرز لیگ کے ایک ”نئے دور“ میں داخل ہونے کے منتظر ہیں۔
اجلاس کو ایک ورکنگ گروپ کی تشکیل کے ساتھ ملتوی کر دیا گیا جو ہفتے کے روز ایجنڈے کے دیگر نکات پر مزید غور و خوض کے لیے ملاقات کرے گا، جس کے بعد ضرورت پڑنے پر گورننگ کونسل کا اجلاس دوبارہ بلایا جائے گا۔