کھیل

ٹی 20 ورلڈ کپ کی آخری تیاری : پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کا فیصلہ

  • آسٹریلوی ٹی 20 اسکواڈ 28 جنوری کو لاہور پہنچے گا
شائع January 14, 2026 اپ ڈیٹ January 14, 2026 06:54pm

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ سابق عالمی چیمپئن پاکستان اور آسٹریلیا اگلے ماہ ہونے والے ورلڈ کپ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا مشترکہ طور پر کر رہے ہیں، جو 7 فروری سے 8 مارچ تک جاری رہے گا۔

پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے، جو ورلڈ کپ سے قبل دونوں ٹیموں کے لیے میدان میں پریکٹس کا بہترین موقع ثابت ہوں گے۔یہ میچز 29 جنوری سے یکم فروری تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

آسٹریلیا کا ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ 28 جنوری کو لاہور پہنچے گا۔

20 ٹیموں پر مشتمل اس ورلڈ کپ میں پاکستان کو گروپ ’اے‘ میں روایتی حریف بھارت، امریکہ، نمیبیا اور ہالینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب آسٹریلیا گروپ ’بی‘ میں سری لنکا، آئرلینڈ، زمبابوے اور عمان کے ساتھ شامل ہے۔ چاروں گروپس میں سے سرفہرست دو ٹیمیں ’سپر ایٹ‘ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد نے کہا کہ شائقین کرکٹ آسٹریلیا کے دورے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم آسٹریلیا کی میزبانی کے لیے پرجوش ہیں اور یہ سال پاکستانی کرکٹ فینز کے لیے ایک شاندار آغاز ثابت ہوگا۔

لاہور میں پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا سیریز کا شیڈول:

29 جنوری: پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل

31 جنوری: دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل

یکم فروری: تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل