ورلڈ کپ کھیلنے بھارت نہیں جائیں گے ، بنگلہ دیش نے آئی سی سی کو بتا دیا
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے آئی سی سی کے ساتھ مذاکرات میں اپنے اس فیصلے کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اگلے ماہ شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہیں بھیجے گا۔
دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے پیش نظر بنگلہ دیش نے سکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے ورلڈ کپ میچز بھارت سے شریک میزبان سری لنکا منتقل کیے جائیں۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری سے ہو رہا ہے اور شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کو اپنے گروپ کے چاروں میچز بھارت میں کھیلنے ہیں۔
یہ تنازع 3 جنوری کو اس وقت شدت اختیار کر گیا جب بھارت نے بنگلہ دیشی فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمان کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) چھوڑنے پر مجبور کیا۔ مستفیض جو گزشتہ ایڈیشنز میں آئی پی ایل کی دیگر ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں انہیں دسمبر میں ہونے والی نیلامی میں کولکتہ نے 10 لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم میں خریدا تھا۔ ان کی برخاستگی پر ڈھاکہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
منگل کو آئی سی سی کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے دوران بی سی بی نے کہا کہ اس نے “آئی سی سی سے اپنی اس درخواست کا اعادہ کیا ہے کہ بنگلہ دیش کے میچز بھارت سے باہر منتقل کرنے پر غور کیا جائے۔
بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان سیاسی تعلقات 2024 میں ڈھاکہ میں ہونے والی عوامی تحریک کے بعد تلخ ہو گئے تھے، جس کے نتیجے میں نئی دہلی کی قریبی اتحادی اس وقت کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کا خاتمہ ہوا تھا۔ گزشتہ ماہ بھارتی وزارت خارجہ نے مسلم اکثریتی بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے خلاف مسلسل دشمنی کے دعوے کی مذمت کی تھی۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کے عبوری رہنما اور نوبل انعام یافتہ محمد یونس نے بھارت پر تشدد کے پیمانے کو مبالغہ آرائی سے پیش کرنے کا الزام لگایا ہے۔
بی سی بی نے ایک بیان میں کہا کہ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کی بنا پر بھارت کا سفر نہ کرنے کے فیصلے پر اپنے موقف کی دوبارہ تصدیق کی ہے۔ اگرچہ آئی سی سی نے اس بات پر زور دیا کہ ٹورنامنٹ کا شیڈول پہلے ہی جاری ہو چکا ہے اور بی سی بی سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی لیکن بورڈ کا موقف تبدیل نہیں ہوا۔
آئی سی سی نے اس معاملے پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ بی سی بی کا کہنا ہے کہ ممکنہ حل تلاش کرنے کے لیے آئی سی سی کے ساتھ بات چیت جاری ہے، تاہم وہ اپنے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ لٹن داس کی قیادت میں بنگلہ دیشی ٹیم آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں نویں نمبر پر ہے۔ بنگلہ دیش اب تک ٹورنامنٹ کے تمام نو ایڈیشنز کھیل چکا ہے لیکن کبھی سیمی فائنل تک رسائی حاصل نہیں کر سکا۔