پاکستان

پاکستان اور سعودی عرب کا کان کنی و معدنی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

  • وفاقی وزیر علی پرویز ملک کی سعودی وزیرِ صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخریف سے ملاقات
شائع January 13, 2026 اپ ڈیٹ January 14, 2026


پاکستان اور سعودی عرب نے کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا جس میں مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور معدنیات کی مکمل ویلیو چین میں باہمی تعاون کو بڑھانے پر زور دیا گیا ہے۔

ایک بیان کے مطابق ریاض میں وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک فیوچر منرلز فورم 2026 میں پاکستانی وفد کی قیادت کررہے ہیں، فورم کی میزبانی سعودی عرب کی وزارتِ صنعت و معدنی وسائل کررہی ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے سعودی عرب کے وزیرِ صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخریف سے ملاقات کی جس میں معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

سعودی عہدیدار نے فورم میں پاکستان کی شرکت کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی توجہ تیزی سے کان کنی اور اہم معدنیات کی جانب منتقل ہورہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سعودی عرب اپنی علمی اور تکنیکی مہارت کے ذریعے پاکستان کے معدنی شعبے کی ترقی میں مکمل سپورٹ فراہم کرے گا۔ سعودی وزیر نے فیوچر منرلز فورم میں پاکستان کی شرکت کو سراہتے ہوئے اس پر شکریہ بھی ادا کیا۔

انہوں نے پاکستان کی نوجوان اور متحرک ورک فورس کو بھی ایک کلیدی اثاثہ قرار دیا۔

وفاقی وزیرعلی پرویز ملک نے دونوں ممالک کے درمیان موجود مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم پر زور دیا۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ٹیٹھیان بیلٹ میں بے پناہ معدنی صلاحیت موجود ہے جس کا ریکو ڈک منصوبہ صرف ایک چھوٹا سا حصہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جیولوجیکل سروے آف پاکستان، سعودی جیولوجیکل سروے کے ساتھ تعاون پر کام کر رہا ہے تاکہ معدنی وسائل کی جدید سائنسی بنیادوں پر تلاش اور ترقی ممکن بنائی جا سکے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کھاد کی پیداوار اور طبی آلات کی تیاری کے شعبے بھی پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے لیے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے تعاون سے دونوں ممالک کو باہمی فائدہ حاصل ہوگا۔

اسی دوران پویلین کے دورے کے موقع پر بندر ابراہیم الخریف نے پاکستانی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔

مزید برآں، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے پاکستانی وفد کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی شرکت کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

بیان کے مطابق انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر علی پرویز ملک کی قیادت کی تعریف کی اور نوٹ کیا کہ ایف ایم ایف 2026 میں پاکستان کی موجودگی دونوں ممالک کے طویل المدتی بھائی چارے کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی۔