کاروبار اور معیشت

جے ایس انویسٹمنٹس نے سی ای او اور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کا تقرر کر دیا

  • بورڈ نے 31 دسمبر 2026 کو ختم ہونے والے سال کے بجٹ کی بھی منظوری دے دی ہے
شائع January 12, 2026 اپ ڈیٹ January 12, 2026 01:24pm

جے ایس انویسٹمنٹس لمیٹڈ نے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے تقرر کا اعلان کیا ہے۔ اس پیش رفت سے متعلق آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے آگاہ کیا گیا ہے۔

نوٹس کے مطابق سلیمان لالانی کو کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بورڈ نے عفت زہرہ منکانی کو تین سال کی مدت کے لیے سی ای او مقرر کیا ہے، تاہم ان کا تقرر سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی منظوری سے مشروط ہوگا۔

اسٹاک ایکسچینج میں درج (لسٹڈ) کمپنی نے مزید بتایا کہ بورڈ نے 31 دسمبر 2026 کو ختم ہونے والے سال کے لیے بجٹ کی منظوری بھی دے دی ہے۔

جے ایس انویسٹمنٹس لمیٹڈ 22 فروری 1995 کو کمپنیز آرڈیننس 1984 کے تحت پاکستان میں رجسٹرڈ ہوئی تھی۔ یہ کمپنی جے ایس بینک لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی ہے، جو خود جہانگیر صدیقی اینڈ کمپنی لمیٹڈ (جے ایس سی ایل) کے زیر انتظام ہے، جو اس گروپ کی اصل پیرنٹ کمپنی ہے۔ جے ایس انویسٹمنٹس بنیادی طور پر اثاثوں کے انتظام اور پنشن فنڈ مینجمنٹ کے کاروبار سے وابستہ ہے۔