دنیا

کیو پر روس کا ڈرون حملہ ، 4 افراد ہلاک ، شہر میں آگ بھڑک اٹھی

  • دارالحکومت کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ تیمور تکاچینکو اور میئر وٹالی کلِٹشکو نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ ان حملوں میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں
شائع January 9, 2026 اپ ڈیٹ January 9, 2026 02:26pm

یوکرینی حکام کے مطابق جمعہ کی علی الصبح روس نے دارالحکومت کیو کو ڈرونز سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک ایمرجنسی میڈیکل ورکر بھی شامل ہے جو متاثرہ عمارت پر ہونے والے دوسرے مسلسل حملے کی زد میں آگیا۔

شہر کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ تیمور تکاچینکو اور میئر وٹالی کلِٹشکو نے بتایا کہ حملوں سے رہائشی عمارتوں، ایک شاپنگ سینٹر اور طبی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ دریائے نیپرو کے مشرقی کنارے پر واقع ایک کثیر المنزلہ عمارت کا پورا داخلی راستہ تباہ ہو گیا، جبکہ شہر کے وسطی اضلاع میں آگ بھڑک اٹھی۔

میئر کے مطابق حملے سے بنیادی انفرااسٹرکچر متاثر ہوا ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ کیو میں پانچ گھنٹے تک فضائی الرٹ برقرار رہا، جبکہ مغربی یوکرین کے علاقے لیویو میں بھی ایک انفرااسٹرکچر ہدف کو نشانہ بنایا گیا۔