مارکٹس

ملکی معیشت کی مثبت رفتار برقرار رہے گی ، بڑی صنعتوں کی بحالی متوقع ، وزارتِ خزانہ

  • دسمبر میں مہنگائی 5.5 سے 6.5 فیصد کے درمیان رہنے کی حکومتی توقع
شائع December 31, 2025 اپ ڈیٹ December 31, 2025 05:23pm

وزارتِ خزانہ نے اپنی ماہانہ اقتصادی اپ ڈیٹ اور آؤٹ لک برائے دسمبر 2025 میں کہا ہے کہ صنعتی ترقی، بہتر طرزِ حکمرانی، ڈیجیٹلائزیشن اور محتاط میکرو اکنامک مینجمنٹ کی بدولت آنے والے مہینوں میں پاکستانی معیشت کی ”مثبت رفتار“ برقرار رہنے کا امکان ہے۔

بدھ کو جاری ہونے والی اس رپورٹ میں حکومت نے کہا کہ “پاکستانی معیشت کے لیے آؤٹ لک مثبت ہے، جس کی بنیاد صنعتی سرگرمیوں میں مسلسل اضافے اور ٹیکسٹائل، آٹوموبائل، سیمنٹ اور فوڈ پروسیسنگ جیسے کلیدی شعبوں میں جاری استحکام پر ہے۔

اس سے قبل منگل کو پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس نے مالی سال 26-2025 کی پہلی سہ ماہی میں 3.71 فیصد جی ڈی پی (GDP) گروتھ رپورٹ کی تھی، جس کی بڑی وجہ صنعتی پیداوار میں نمایاں اضافہ تھا۔ تاہم اپوزیشن ارکان اور ماہرینِ معاشیات سمیت حکومت کے ناقدین نے ان اعداد و شمار کو ’غیر حقیقی‘ قرار دیا ہے۔

آج جاری ہونے والے ماہانہ آؤٹ لک میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی ہے کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار کی بحالی کا سفر جاری رہنے کی توقع ہے، جسے صنعتی مسابقت بڑھانے کے لیے کی جانے والی ڈھانچہ جاتی اصلاحات سے تقویت مل رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دسمبر میں مہنگائی کی شرح 5.5 سے 6.5 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جو بنیادی طور پر بیس ایفیکٹ کی عکاسی کرتی ہے۔ واضح رہے کہ نومبر 2025 میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی 6.1 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، جو وزارتِ خزانہ کی توقعات سے زیادہ تھی۔

بیرونی محاذ پر پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ ہدف کے اندر رہنے کی توقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق ترسیلاتِ زر کی بھرپور آمد اور آئی ٹی و سروسز کی برآمدات میں مستقل کارکردگی بیرونی دباؤ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔مزید برآں مالیاتی استحکام کے ذریعے میکرو اکنامک استحکام کو برقرار رکھنے کی کوششیں جاری ہیں، جس میں اخراجات کی مینجمنٹ، ٹیکس وصولی میں بہتری اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات پائیدار ترقی میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔