دنیا

کیف امن نہیں چاہتا تو روس طاقت کے زور پر اپنے اہداف حاصل کرے گا، روسی صدر

  • وائٹ ہاؤس نے پیوٹن کے بیانات پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا
شائع December 28, 2025 اپ ڈیٹ December 28, 2025 12:04pm

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ یوکرین کو امن کی کوئی جلدی نہیں ہے اور اگر وہ تنازع کو پرامن طریقے سے حل کرنا نہیں چاہتا تو ماسکو اپنے تمام اہداف طاقت کے زور پر حاصل کرے گا۔

ریاستی خبر رساں ایجنسی تاس کی جانب سے نشر کیے گئے صدر پیوٹن کے یہ ریمارکس روس کے اس بڑے ڈرون اور میزائل حملے کے بعد سامنے آئے جس پر یوکرینی صدر ولادیمیر زیلینسکی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ روس جنگ جاری رکھنے کی اپنی خواہش کا مظاہرہ کر رہا ہے جبکہ کیف امن چاہتا ہے۔

زیلنسکی اتوار کو فلوریڈا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے تاکہ اس جنگ کا حل تلاش کیا جا سکے۔

وائٹ ہاؤس نے پیوٹن کے بیانات پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

کریملن نے ٹیلیگرام پر بتایا کہ روسی کمانڈروں نے پیوٹن کو معائنہ کے دوران بتایا کہ ماسکو کی افواج نے یوکرین کے مشرقی خطے ڈونیٹسک میں میرنوہراد ، رودنسکے اور آرٹیمیوکا کے شہروں کے ساتھ ساتھ زاپوریژیا کے خطے میں ہولیا پولے اور اسٹیپنوہیرسک پر قبضہ کر لیا ہے۔

یوکرین کی فوج نے ہولیا پولے اور میرنوہراد سے متعلق روس کے دعوؤں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ دونوں مقامات پر صورتحال مشکل ہے لیکن یوکرینی فوج کی جانب سے دفاعی کارروائیاں جاری ہیں۔