دنیا

چین میں اسکول وین حادثے کا شکار، بچوں سمیت 8 افراد چل بسے

  • 7 نشستوں والی یہ ایس یو وی عموماً علاقے کے نجی پرائمری اسکول کے طلبہ کی آمد و رفت کے لیے استعمال کی جاتی تھی ، رپورٹ
شائع اپ ڈیٹ

جنوب مشرقی چین میں نجی پرائمری اسکول کی منتظمہ کے زیرِ استعمال ایس یو وی بے قابو ہو کر تالاب میں جا گری، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 8 افراد ہلاک ہو گئے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق حادثہ منگل کی دوپہر پینگ زے کاؤنٹی میں پیش آیا، جو شنگھائی سے تقریباً 480 کلومیٹر مغرب میں واقع ایک دیہی علاقہ ہے، جہاں جگہ جگہ چھوٹے آبی ذخائر اور ندی نالے موجود ہیں۔

سرکاری روزنامے پیپلز ڈیلی کے تحت شائع ہونے والے جریدے نیو سیکیورٹی کے مطابق حادثہ سڑک کے نشیبی حصے پر پیش آیا، جو حالیہ بارش کے باعث پھسلن کا شکار تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سات نشستوں والی یہ ایس یو وی عموماً علاقے کے ایک پرائیویٹ اسکول میں زیرِ تعلیم بچوں کی آمد و رفت کے لیے استعمال کی جاتی تھی۔

مقامی حکام کے حوالے سے کہا گیا کہ حادثے کے وقت اسکول کے متعدد بچے گاڑی میں موجود تھے۔

کاؤنٹی سیکیورٹی حکام کی جانب سے رات گئے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ ڈرائیور سمیت آٹھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن میں ڈرائیور کی شناخت 49 سالہ خاتون لوو کے نام سے ہوئی ہے۔

بیان میں دیگر متاثرین کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، تاہم کہا گیا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

نیو سیکیورٹی کی رپورٹ کے مطابق ایک مقامی دیہاتی نے بتایا کہ اس کے دوست کا چار سالہ بچہ بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہے۔