ایک تولہ سونا 8 ہزار 500 روپے مہنگا، نئی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر
- دس گرام سونا 7 ہزار 288 روپے کے بھاری اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 لاکھ روپے کی بلند سطح عبورکرگیا
عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں منگل کو قیمتی دھات کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 85 ڈالر کے بڑے اضافے سے 4485 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح پر جاپہنچا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں بڑے اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 8 ہزار 500 روپے کےہوشربا اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 لاکھ 70 ہزار 862 روپے کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 7 ہزار 288 روپے کے بھاری اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 لاکھ روپے کی بلند سطح عبور کرتے ہوئے 4 لاکھ 3 ہزار 688 روپے ہوگئی۔
یاد رہے کہ پیر کو سونے کی فی تولہ قیمت 6200 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 62 ہزار 362 روپے کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی تھی۔
دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 7 ہزار 205 روپےکی بلند ترین سطح پر برقرار رہی۔