کاروبار اور معیشت

اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر معطلی ختم، فیکٹو سیمنٹ پلانٹ کی سرگرمیاں بحال

اس پیش رفت کے بعد آئندہ آپریشنز بلا تعطل جاری رہنے کی توقع ہے، انتظامیہ
شائع December 19, 2025 اپ ڈیٹ December 19, 2025 02:34pm

فیکٹو سیمنٹ لمیٹڈ نے اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) کے احکامات کے بعد سنگجانی، اسلام آباد میں واقع اپنے سیمنٹ مینوفیکچرنگ پلانٹ کی مکمل آپریشنل سرگرمیاں دوبارہ شروع کردی ہیں۔ عدالت نے پلانٹ کی سابقہ معطلی کو غیر قانونی اور قانونی اختیار کے بغیر قرار دیتے ہوئے اسے کالعدم قرار دیا تھا۔

سیمنٹ ساز کمپنی نے اس پیشرفت سے متعلق جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ نوٹس میں آگاہ کیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی اپنے معزز شیئر ہولڈرز اور مارکیٹ کو یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس کررہی ہے کہ پلانٹ کے مکمل آپریشنز اب بحال ہوچکے ہیں۔

کمپنی کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے پلانٹ کی مکمل بحالی کی اجازت دیتے ہوئے واضح طور پر قرار دیا کہ معطلی کا سابقہ فیصلہ غیر قانونی تھا۔

عدالتی فیصلے کی روشنی میں پلانٹ پر معمول کے مطابق سرگرمیاں بحال کردی گئی ہیں اور پیداواری عمل کاروباری معمول کے تحت دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔

فیکٹو سیمنٹ کی انتظامیہ نے واضح کیا کہ عارضی معطلی کا کمپنی کی طویل المدتی مالی پوزیشن، اثاثوں کی بنیاد یا کاروباری تسلسل پر کوئی نمایاں منفی اثر مرتب نہیں ہوا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت کے بعد آئندہ آپریشنز بلا تعطل جاری رہنے کی توقع ہے۔