کاروبار اور معیشت

میپل لیف پائنیر سیمنٹ میں اکثریتی حصص 270.5 ملین ڈالر میں حاصل کرے گی

  • مجموعی لین دین پائنیر سیمنٹ کے 69.75 فیصد حصص پر مشتمل ہے
شائع اپ ڈیٹ

میپل لیف سیمنٹ فیکٹری لمیٹڈ (ایم ایل سی ایف) نے پائنیر سیمنٹ لمیٹڈ (پی آئی او سی) کے 11.72 فیصد تک حصص 478.43 روپے فی شیئر کے حساب سے خریدنے کیلئے پبلک آفر جاری کردی ہے۔ یہ پیشکش اس سے قبل ہونے والے معاہدے کے بعد سامنے آئی ہے جس کے تحت میپل لیف نے اسی نرخ پر پائنیر سیمنٹ کے 58.03 فیصد حصص (اسٹیک) خریدنے پر اتفاق کیا تھا۔

اسٹاک ایکسچینج میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق یہ مجموعی لین دین پائنیر سیمنٹ کے 69.75 فیصد حصص پر مشتمل ہے جس کی کل مالیت 75.8 ارب روپے (270.5 ملین ڈالر) بنتی ہے۔ اس اقدام کے نتیجے میں پائنیر سیمنٹ کا انتظامی کنٹرول میپل لیف سیمنٹ کو حاصل ہو جائے گا۔

میپل لیف اس وقت 17,321,046 حصص کی مالک ہے جو پائنیر کے جاری شدہ اور ادا شدہ عام حصص کا 7.63 فیصد بنتے ہیں جن کی فی حصص قیمت 10 روپے ہے۔

میپل لیف کیپٹل لمیٹڈ (ایم ایل سی ایل) جو کہ میپل لیف سیمنٹ (ایم ایل سی ایف) کی ایک وابستہ کمپنی ہے، اس وقت پائنیر سیمنٹ کے 24,609,001 حصص کی مالک ہے، جو کہ اس کے جاری کردہ اور ادا شدہ عام شیئر کیپٹل کا 10.83 فیصد بنتے ہیں۔ میپل لیف سیمنٹ کے ڈائریکٹر ولید طارق سہگل، اس وقت پائنیر سیمنٹ کے 152,000 حصص کے مالک ہیں، جو کہ اس کے کل ادا شدہ شیئر کیپیٹل کا 0.07 فیصد بنتے ہیں جن کی فی حصص قیمت 10 روپے ہے۔

دستاویز کے مطابق میپل لیف سیمنٹ ، میپل لیف کیپیٹل اور ولید طارق سہگل کی مجموعی ملکیت پائنیئر سیمنٹ کے 42,082,047 عام حصص پر مشتمل ہے، جو کہ پائنیر سیمنٹ کے مجموعی جاری کردہ اور ادا شدہ سرمائے کا 18.53 فیصد بنتی ہے۔

اس خریداری کے بعد پائنیر سیمنٹ میں میپل لیف کی کل حصہ داری بڑھ کر 88.28 فیصد ہو جائے گی۔

ایم ایل سی ایف کوہ نور میپل لیف گروپ کی فلیگ شپ کمپنی ہے جو ٹیکسٹائل، سیمنٹ، کیپیٹل مارکیٹس اور صحتِ عامہ کے شعبوں میں دلچسپی رکھنے والا پاکستان کا ایک مستحکم صنعتی گروپ ہے۔ میپل لیف سیمنٹ پاکستان کی سب سے بڑی سنگل سائٹ سیمنٹ فیکٹری چلاتا ہے جو گرے سیمنٹ کی چار اور وائٹ سیمنٹ کی ایک پروڈکشن لائن پر مشتمل ہے جس کی کل نصب شدہ کلینکر پیداواری صلاحیت 7.8 ملین ٹن سالانہ ہے۔

دریں اثنا پائنیر سیمنٹ لمیٹڈ کو 1986 میں پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔ اس کے پلانٹس پنجاب میں واقع ہیں اور کمپنی 3 پروڈکشن لائنوں پر سیمنٹ تیار اور فروخت کرتی ہے۔ اس نے اپنی پیداواری کارروائی 2 ہزار ٹن فی دن کی صلاحیت سے شروع کی تھی۔ کمپنی نے 12 میگاواٹ ویسٹ ہیٹ ریکوری پاور پلانٹ اور 24 میگاواٹ کوئلے کا پاور پلانٹ میں بھی سرمایہ کاری کی ہے۔

ایم ایل سی ایف کے مطابق اس خریداری سے اہم حکمت عملی اور اقتصادی افادیت پیدا ہونے کی توقع ہے۔

خریداری مکمل ہونے کے بعد ایم ایل سی ایف اور پی آئی او سی کا مجموعی مارکیٹ شیئر تقریباً 15.5 فیصد متوقع ہے جس سے گروپ پاکستان کے سیمنٹ سیکٹر میں تیسرا سب سے بڑا کھلاڑی بن جائے گا۔

ایم ایل سی ایف کے مطابق خریداری کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بڑے پیمانے سے عملی ہم آہنگی، لاگت کی اصلاح، اور مارکیٹ میں توسیع کے ذریعے افادیت حاصل ہونے کی توقع ہے جس سے وسیع کسٹمر بیس کو اعلیٰ معیار کی مصنوعات فراہم کی جا سکیں گی۔

خریدار نے مزید کہا کہ پی آئی او سی اپنی معمول کی کاروباری کارروائی جاری رکھے گا اور ایک لسٹڈ ادارے کے طور پر کام کرتا رہے گا۔