پاکستان اور سعودی عرب کا مضبوط اقتصادی تعاون کے عزم کا اظہار
- دونوں ممالک نے پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریوں پر گفتگو کی اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا
پاکستان اور سعودی عرب نے ریاض میں وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور سعودی نائب وزیرِ خزانہ عبدالمحسن الخلّاف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اقتصادی تعاون کے فروغ کے اپنے عزم کی ازسرِنو توثیق کی ہے۔ وزارتِ خزانہ نے یہ بات جمعرات کے روز بتائی ہے۔
بیان کے مطابق فریقین نے پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریوں پر تبادلۂ خیال کیا اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔
محمد اورنگزیب نے پاکستان کی معیشت کے لیے مملکت کی مسلسل دوطرفہ اور کثیرالفریقی معاونت پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں ممالک نے اپنی قیادت کی معاشی ترجیحات کے فروغ کے لیے ٹیکٹیکل اور اسٹریٹیجک دونوں سطحوں پر قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیرِ خزانہ اس وقت ریاض میں منعقدہ مومنٹم ڈیولپمنٹ فنانس کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔
دورے کے دوران انہوں نے رائل کورٹ کے مشیر محمد التویجری سے ملاقات کی اور متعدد میڈیا مصروفیات بھی انجام دیں۔