ٹیکنالوجی

الفلاح انویسٹمنٹس اور ایل ایم کے آر پاکستان کے اسٹارٹ اپس کیلئے اینجل انویسٹمنٹ فنڈ شروع کرینگے

  • فنڈ کا مقصد ملک میں ٹیکنالوجی سے متعلق ابتدائی مرحلے کے کاروباروں کو تقویت دینا ہے
شائع اپ ڈیٹ

نمایاں پاکستانی ایسیٹ مینجمنٹ کمپنی الفلاح انویسٹمنٹس اور ایل ایم کے آر، جو عالمی سطح پر ٹیکنالوجی اور اختراع کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے نے پاکستان میں اینجل انویسٹمنٹ فنڈ کے اجرا کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔

یہ فنڈ قومی سطح کا ایسا مالیاتی پلیٹ فارم ہوگا جس کا مقصد ملک میں ٹیکنالوجی پر مبنی ابتدائی مرحلے کے کاروباروں کو تقویت دینا ہے۔

جمعرات کو جاری کردہ بیان کے مطابق یہ اقدام پاکستان میں وینچر کریئیشن کے لیے ایک منظم، ہم آہنگ اور ادارہ جاتی ماڈل کی طرف پیش رفت کی نمائندگی کرتا ہے۔

فنڈ ایس ای سی پی کے ضابطوں کے تحت ایک نجی فنڈ کے طور پر کام کرے گا، جو اینجل سرمایہ کاروں کے سرمائے کو یکجا کر کے ایک ادارہ جاتی ڈھانچے میں منتقل کرے گا، تاکہ اسٹارٹ اپس کو متنوع، شفاف اور بروقت سرمایہ تک رسائی حاصل ہو سکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام مارکیٹ میں موجود اہم خلا کو پُر کرنے کے لیے شروع کیا جا رہا ہے، جن میں منتشر اینجل نیٹ ورکس، غیر یکساں دستاویزی کارروائیاں، چھوٹی سرمایہ کاری اور ڈیلز کے بند ہونے میں تاخیر جیسے عوامل شامل ہیں، جو اکثر امید افزا اسٹارٹ اپس کی پیش رفت میں رکاوٹ بنتے ہیں۔

فنڈ کا محور فِن ٹیک، مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ سروسز، ای کامرس اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سمیت مختلف شعبوں کے ابتدائی اور ترقی کے مراحل میں موجود اسٹارٹ اپس کی معاونت ہوگا۔ بیان کے مطابق ایل ایم کے آر کے نیشنل انکیوبیشن سینٹرز میں وسیع تجربے اور اے اے ایم ایل کی مضبوط گورننس اور سرمایہ کاری کی صلاحیت کے امتزاج سے مقامی اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو مستحکم کرنے اور غیر منظم ذرائع پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی۔

الفلاح انویسٹمنٹس کے سی ای او خلدون بن لطیف نے کہا کہ اینجل نیٹ ورک کی ادارہ جاتی شکل گورننس اور کمپلائنس کو مضبوط بنا کر سرمایہ کے تیز تر بہاؤ کو ممکن بنائے گی۔

ایل ایم کے آر کے چیئرمین و گروپ سی ای او عاطف رئیس خان کے مطابق، یہ فنڈ جدت اور سرمایہ کاری کے درمیان ایک اہم پل ثابت ہوگا، جس سے اسٹارٹ اپس اعتماد کے ساتھ ابتدائی مرحلے سے بڑھ کر قابلِ توسیع ترقی کی طرف بڑھ سکیں گے۔

فنڈ کے تحت ایک خصوصی تکنیکی معاونت کی ڈیسک بھی قائم کی جائے گی جو گورننس، مالیاتی نظام، پراڈکٹ مارکیٹ فٹ اور کمرشل شراکت داریوں سے متعلق رہنمائی فراہم کرے گی، تاکہ کاروبار پائیدار انداز میں آگے بڑھ سکیں اور آئندہ سرمایہ کاری کے مراحل تک رسائی حاصل کر سکیں۔