پاور ڈویژن اور کے الیکٹرک میں ٹیرف ڈفرینشل سبسڈی پر تنازع
- کسی بھی تنازع کو ٹیرف ڈفرینشل سبسڈی ایگریمنٹ کی شق 4 کے تحت حل کیا جائے، کے الیکٹرک
ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ پاور ڈویژن اور کے الیکٹرک کے درمیان ٹیرف ڈفرینشل سبسڈی (ٹی ڈی ایس) کو لے کر اختلافات پیدا ہو گئے ہیں، جہاں کے الیکٹرک نے موقف اختیار کیا ہے کہ اس کی جمع کرائی گئی رپورٹ کو “دستخط شدہ “ سمجھا جائے اور کسی بھی تنازع کو ٹیرف ڈفرینشل سبسڈی ایگریمنٹ (ٹی ڈی ایس اے) کی شق 4 کے تحت حل کیا جائے۔
کے الیکٹرک کے چیف فنانشل آفیسر عامر غازیانی نے پاور ڈویژن کو ایک خط میں اکتوبر 2025 کے لیے ٹی ڈی ایس بیلنس رپورٹ کا حوالہ دیا، جو کے الیکٹرک نے وزارت توانائی کو 14 نومبر 2025 کو تصدیق کے لیے جمع کرائی تھی۔ جواب میں پاور ڈویژن نے 24 نومبر 2025 کو نظر ثانی شدہ بیلنس رپورٹ جاری کی۔
کے الیکٹرک کے مطابق یہ نظر ثانی شدہ رپورٹ نیپرا کی 20 اکتوبر 2025 کی متنازعہ ریویو ڈٹرمنیشنز پر مبنی ہے، جنہیں کے الیکٹرک نے سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ کے الیکٹرک کا موقف ہے کہ پاور ڈویژن کی یہ نظر ثانی شق 2.1 کے منافی ہے، جو واضح کرتی ہے کہ اگر عدالت کی طرف سے کوئی ریسٹریننگ آرڈر جاری ہو تو اس سے پہلے کے ٹیرف کو عارضی ٹی ڈی ایس کلیمز کے لیے استعمال کیا جائے۔ کے الیکٹرک نے 4 نومبر 2025 کی عدالتی عارضی ہدایت کا بھی حوالہ دیا۔
ٹی ڈی ایس اے کی شق 2.1 کے مطابق:
“…اگر کے الیکٹرک نے کسی ٹیرف ڈٹرمنیشن یا کوارٹرلی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کو عدالت میں چیلنج کیا ہو اور اس کے خلاف ریسٹریننگ آرڈرز جاری کیے گئے ہوں تو کے الیکٹرک عارضی کلیمز پچھلے ٹیرف ڈٹرمنیشن یا کوارٹرلی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر جمع کرے گی…“
کے الیکٹرک نے اپنی 11 نومبر 2025 کے مراسلے میں بھی وزارت کو آگاہ کیا تھا کہ نیپرا کی 20 اکتوبر 2025 کی ریویو ڈٹرمنیشنز سندھ ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہیں اور عدالت نے کسی بھی زبردستی اقدام سے روک دیا ہے۔ کے الیکٹرک کے مطابق اس بنیاد پر ٹی ڈی ایس بیلنس رپورٹ میں نظر ثانی کرنا ٹی ڈی ایس اے کی خلاف ورز ی اور عدالت کے احکام کی توہین ہے۔
کے الیکٹرک نے مزید بتایا کہ ٹی ڈی ایس اے میں منفی کلیمز پر کوئی مارک اپ نہیں دیا گیا، جبکہ نظر ثانی شدہ رپورٹ میں اس کا ذکر موجود ہے۔ کمپنی نے کہا کہ نیپرا کی 27 مئی 2025 کی ڈٹرمنیشن کے مطابق یہ کلیمز کے الیکٹرک کو قابل وصول ہیں اور کے الیکٹرک کو حق حاصل ہے کہ ٹیرف ڈٹرمنیشنز کی پروسیسنگ میں تاخیر پر مارک اپ کا دعویٰ کرے، جیسا کہ ٹی ڈی ایس اے کی شق 2.9 میں وضاحت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک اور پاور ڈویژن کے اس تنازعہ کے حل کے لیے قانونی اور انتظامی سطح پر مشاورت جاری ہے، تاکہ دونوں فریقین کے حقوق اور ذمہ داریوں کو شفاف انداز میں طے کیا جا سکے اور کسی بھی غیر ضروری مالی بوجھ سے بچا جا سکے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025