کاروبار اور معیشت

مسابقی کمیشن نے جے ایس ہوٹل ریٹ کو ایلیٹ ہاسپٹیلیٹی وینچرز کے حصول کی منظوری دے دی

  • منظوری کمپیٹیشن ایکٹ، 2010 کی دفعہ 11 اور کمپیٹیشن (انضمام کنٹرول) ریگولیشنز 2016 کے تحت دی گئی
شائع December 1, 2025 اپ ڈیٹ December 1, 2025 01:09pm

کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے جے ایس ہوٹل ریٹ کے ذریعے ایلیٹ ہاسپٹیلیٹی وینچرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے مجوزہ حصول کی منظوری دے دی ہے۔

پیر کو جاری بیان کے مطابق یہ منظوری کمپیٹیشن ایکٹ، 2010 کی دفعہ 11 اور کمپیٹیشن (انضمام کنٹرول) ریگولیشنز 2016 کے تحت دی گئی ہے۔

جے ایس ہوٹل ریٹ ایک نئی قائم شدہ شریعہ کے مطابق ہائبرڈ ریٹ اسکیم ہے جو رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ ریگولیشنز، 2022 کے تحت کام کر رہی ہے۔ اس کا ارادہ ہے کہ وہ شیئر پرچیز ایگریمنٹ کے ذریعے ایلیٹ ہاسپٹیلیٹی وینچرز کے حصص حاصل کرے۔

ٹارگٹ اینٹیٹی ایک اسپیشل پرپز وہیکل ہے جو حیدرآباد میں ایک منصوبہ بند فور اسٹار ”ہلٹن گارڈن اِن“ ہوٹل کی ترقی اور اسے چلانے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔

سی سی پی نے اپنی جانچ کے دوران اس لین دین کی نوعیت، مارکیٹ کے ڈھانچے پر اس کے اثرات، اور حیدرآباد کی متعلقہ مارکیٹ میں ممکنہ مسابقتی نتائج کا جائزہ لیا۔ کمیشن نے نوٹ کیا کہ کوئی بھی فریق فی الحال ہاسپیٹیلیٹی سیکٹر میں سرگرم نہیں ہے، لہٰذا اس لین دین سے کوئی افقی یا عمودی تعلق پیدا نہیں ہوتا۔

کمپٹیشن کمیشن نے نتیجہ اخذ کیا کہ یہ حصول غیر افقی نوعیت کا ہے اور اس سے مقابلے میں کمی، مارکیٹ میں بگاڑ، یا کسی غالب پوزیشن کے قیام یا مضبوط ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ لہٰذا، اس لین دین کو 2010 کے کمپٹیشن ایکٹ کی شق 31(1)(d)(i) کے تحت منظوری دی گئی ہے۔