گل احمد کا اپنے آپریشنز کو وسعت دینے کیلئے نور آباد میں صنعتی پلاٹ خریدنے کا فیصلہ
- بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پلاٹ نمبر اے 44،سائٹ نور آباد، ضلع جامشورو، کے حصول کی منظوری دی
پاکستان کی معروف ٹیکسٹائل کمپنی گل احمد ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ (جی اے ٹی ایم) نے سندھ کے نور آباد کے سائٹ زون میں صنعتی پلاٹ خریدنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اپنے آپریشنل دائرہ کار کو مزید مضبوط بنایا جاسکے۔
کمپنی نے یہ پیشرفت پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جمعرات کو اپنے نوٹس میں ظاہر کی۔
نوٹس کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پلاٹ نمبر اے 44، سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹس لمیٹڈ (سائٹ)، نور آباد، ضلع جامشورو، کے حصول کی منظوری دی ہے جس میں زمین، عمارت، پلانٹ، مشینری، متعلقہ آلات، فٹنگز اور دیگر ضروری ساز و سامان شامل ہیں، جو تمام قانونی، کارپوریٹ اور ریگولیٹری رسمی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد کیا جائے گا۔
کمپنی نے مزید کہا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر اور/یا چیف فنانشل آفیسر اور کمپنی سیکرٹری کو مشترکہ طور پر اختیار دیا گیا ہے کہ وہ مذکورہ خریداری کے عمل کو موثر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اور کارروائیاں انجام دیں اور کمپنی کی جانب سے تمام رسمی کارروائی مکمل کریں۔
گل احمد گروپ 1900 کی دہائی سے ٹیکسٹائل کے کاروبار میں سرگرم ہے، تاہم گروپ نے 1953 میں اپنی مینوفیکچرنگ سرگرمیاں جی اے ٹی ایم کے نام سے شروع کیں اور 1955 میں اسے پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کردیا گیا۔
جی اے ٹی ایم ایک جامع ٹیکسٹائل مل ہے جو مصنوعات کی تیاری اور فروخت میں سرگرم عمل ہے۔ مینوفیکچرنگ شعبے میں مضبوط موجودگی کے علاوہ، کمپنی نے ریٹیل کاروبار میں بھی قدم جمائے ہوئے ہیں۔
ریٹیل کاروبار کراچی سے شروع ہوا اور ملک بھر میں 40 سے زائد اسٹورز تک پھیل گیا جہاں فیشن، ملبوسات اور ہوم ایسیسریز کی مصنوعات دستیاب ہیں۔
ستمبر میں کمپنی نے اپنے ایکسپورٹ اپیرل سیکشن کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا جس کی وجہ مسلسل عملی نقصانات، بڑھتے اخراجات، پالیسی میں تبدیلیاں اور علاقائی مقابلہ بازی بتائی گئی تھی۔