پاکستان

اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس، پاک عمان جوائنٹ منسٹریل کمیشن کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال

  • جامع حکمتِ عملی پر زور ، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، افرادی قوت کی برآمد اور میری ٹائم تعاون پر خصوصی توجہ دی گئی
شائع November 8, 2025 اپ ڈیٹ November 8, 2025 11:50am

ڈپٹی وزیرِاعظم اور وزیرِخارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں آئندہ ہفتے ہونے والے پاکستان–عمان جوائنٹ منسٹریل کمیشن (جے ایم سی) کے آٹھویں اجلاس کے لیے پاکستان کے ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کے لیے بین الوزارتی اجلاس کی صدارت کی۔

وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اجلاس میں دوطرفہ تعاون کے تمام اہم شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اسحاق ڈار نے پاکستان-عمان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے جامع اور نتیجہ خیز حکمتِ عملی پر زور دیا جس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، افرادی قوت کی برآمد اور میری ٹائم تعاون پر خصوصی توجہ دی گئی۔ انہوں نے اہم شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کو تیز کرنے، تعلیم، لاجسٹکس اور قونصلیری امور میں تعاون اور برآمدات بڑھانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات کو ہم آہنگ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اجلاس میں مشیرِخصوصی طارق باجوا، ایڈیشنل سیکرٹریز ایڈ اور وزارتِ داخلہ، پاکستان کے عمان میں سفیر، وزارتِ خارجہ کے سینئر نمائندے اور دیگر متعلقہ وزارتوں کے اہلکار بھی شریک ہوئے۔