او جی ڈی سی کی کارپوریٹ امیج کو بہتر کرنے کی کوشش، نیا لوگو اور نئی ٹیگ لائن متعارف
پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) کمپنی آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے اپنے کارپوریٹ امیج کو بہتر کرنے کی کوشش میں نیا لوگو اور نئی ٹیگ لائن متعارف کروا دیا ہے، جو کمپنی کی جاری کارپوریٹ شناخت کی تجدیدی مہم میں ایک اہم قدم ہے۔
لسٹڈ ای اینڈ پی کمپنی نے یہ پیش رفت جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو اپنے نوٹس میں بتائی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے باضابطہ طور پر نئے لوگو کی منظوری دے دی ہے، جو اب تمام سرکاری مواد اور پلیٹ فارمز پر فوری طور پر نافذ کیا جائے گا۔
کمپنی نے وضاحت کی کہ یہ تبدیلی صرف کمپنی کی بصری شناخت سے متعلق ہے اور اس کے قانونی نام یا بنیادی کاروباری نوعیت پر کوئی اثر نہیں ڈالتی۔
او جی ڈی سی ایکسپلوریشن، ڈرلنگ، پروڈکشن، ریزروائر مینجمنٹ اور انجینئرنگ سپورٹ میں سرگرم ہے۔ یہ ملک میں سب سے زیادہ ایکسپلوریشن ایکریج رکھتی ہے، جو 40 فیصد سے زائد الاٹ شدہ بلاکس پر محیط ہے، جس کی بدولت پاکستان کے تیل و گیس کے وسائل کی ترقی میں اس کا قائدانہ کردار ہے۔
پاکستان کی کئی انرجی کمپنیوں نے حالیہ دنوں میں اپنی کارپوریٹ شناخت کو از سر نو ترتیب دیا ہے۔
گزشتہ جنوری میں ماری پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ایم پی سی ایل) نے اپنا نام تبدیل کر کے ماری انرجیز لمیٹڈ (ایم ای ایل) رکھ لیا تھا۔
اسی طرح شیل پاکستان لمیٹڈ کا نام بھی تبدیل کر کے وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ رکھا گیا، جب وافی انرجی ہولڈنگ لمیٹڈ نے کمپنی کے 87.78 فیصد شیئرز خرید لیے۔