آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)، جو پاکستان کی سب سے بڑی ای اینڈ پی فرم ہے، نے حکومت کے سرکولر ڈیٹ سیٹلمنٹ پلان کے تحت پاور ہولڈنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ (پی ایچ ایل) سے 7.73 ارب روپے کی سود کی دوسری قسط وصول کرلی ہے۔
ای اینڈ پی نے اس پیش رفت سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو منگل کے روز آگاہ کیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ یہ اطلاع دیتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ سرکولر ڈیٹ سیٹلمنٹ پلان کے تحت او جی ڈی سی ایل نے 7.725 ارب روپے کی دوسری قسط بطور سود کی ادائیگی پی ایچ ایل سے وصول کرلی ہے۔ یہ 12 مساوی ماہانہ اقساط میں سے ایک ہے جو حکومتِ پاکستان کے منظور کردہ طریقہ کار کے تحت دی جا رہی ہیں۔
جیسا کہ پہلے بتایا گیا تھا، کل سود کی رقم 92 ارب روپے ہے، جو جولائی 2025 سے شروع ہوکر 12 مساوی ماہانہ اقساط میں واپس کی جائے گی۔
ای اینڈ پی نے کہا کہ اس قسط کی وصولی حکومت کے اس اقدام کے تحت جاری پیش رفت کو ظاہر کرتی ہے جس کا مقصد توانائی کے شعبے میں سرکولر ڈیٹ کے مسئلے کو حل کرنا ہے۔
اس ماہ کے اوائل میں او جی ڈی سی ایل نے پی ایچ ایل سے پہلی سود کی ادائیگی بھی 7.73 ارب روپے وصول کی تھی۔
گزشتہ سال جون میں، سرکولر ڈیٹ سیٹلمنٹ پلان کے حصے کے طور پر، حکومت نے او جی ڈی سی ایل کو 82 ارب روپے کی ادائیگی کی منظوری دی تھی، جو پاور ہولڈنگ لمیٹڈ کی جانب سے جاری کردہ پرائیویٹلی پلیسڈ ٹرم فنانس سرٹیفکیٹس میں کمپنی کی سرمایہ کاری کی اصل رقم کی نمائندگی کرتی تھی۔
حکومت نے یہ بھی منظور کیا تھا کہ 92 ارب روپے کے سود کی رقم جولائی 2025 سے شروع ہوکر 12 مساوی اقساط میں ادا کی جائے۔
سیٹلمنٹ کے حصے کے طور پر، او جی ڈی سی ایل نے حکومت کی ہدایت پر 72 ارب روپے کے لیکوڈیٹڈ ڈیمیجز کو معاف کرنے پر اتفاق کیا۔
یاد رہے کہ او جی ڈی سی ایل کو 23 اکتوبر 1997 کو کمپنیز آرڈیننس 1984 (اب کمپنیز ایکٹ 2017) کے تحت رجسٹر کیا گیا تھا۔ کمپنی کا قیام تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش اور ترقی کے لیے عمل میں آیا تھا، جس میں تیل و گیس کی پیداوار اور فروخت کے ساتھ وہ تمام سرگرمیاں شامل تھیں جو اس سے قبل 1961 میں قائم ہونے والی آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ذریعے کی جا رہی تھیں۔