اسٹاک مارکیٹ: 100 انڈیکس 258 پوائنٹس اضافے کے ساتھ بند، آخری گھنٹوں میں فروخت کے دباؤ سے تیزی محدود
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس نے جمعہ کے روز 258 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ کاروبار کا اختتام کیا، تاہم کاروبار کے آخری گھنٹوں میں فروخت کے دباؤ نے دن کے دوران جاری بھرپور تیزی کو خاصا محدود کر دیا۔
کاروباری دن کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور انڈیکس نے ایک موقع پر 1,200 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ کرتے ہوئے انٹرا ڈے کی بلند ترین سطح پر 150,465.17 پوائنٹس پر پہنچا۔
تاہم مارکیٹ کے دوسرے سیشن کے دوران آخری لمحات میں سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول کی خاطر فروخت کے رجحان نے انٹرا ڈے کے اضافے کو کم کر دیا۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 149,493.06 پوائنٹس پر بند ہوا، جو کہ 257.80 پوائنٹس یا 0.17 فیصد کا اضافہ ہے۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے اپنی پوسٹ مارکیٹ رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایف ایف سی ،این بی پی،اے کے بی ایل،او جی ڈی سی اور پی ایس او نے مشترکہ طور پر انڈیکس میں 289 پوائنٹس کا اضافہ کیا۔ دوسری جانب سیئرل،ایم ای بی ایل،اینگرو،لک اور ایفرٹ کی قیمتوں میں کمی نے انڈیکس پر 289 پوائنٹس کا دباؤ ڈالا۔
جمعرات کو پی ایس ایکس پر بھاری فروخت کا دباؤ رہا، جس کی وجہ سے منافع لینے کی سرگرمیوں نے ابتدائی اضافہ ختم کر دیا اور انڈیکس میں کمی آئی، جس سے ریکارڈ ہائی کی مسلسل بڑھتی ہوئی لہر ختم ہو گئی۔ کے ایس ای-100 انڈیکس 149,235.26 پوائنٹس پر بند ہوا، جو 1,355.74 پوائنٹس یا 0.9 فیصد کی کمی کے برابر ہے۔
بین الاقوامی سطح پر، ایشیا کی اسٹاک مارکیٹس جمعہ کو غیر یقینی آغاز کے ساتھ معمولی اضافے کے ساتھ کھلہ کیونکہ تاجر فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاول کےجیکسِن ہول سمپوزیم میں خطاب کے منتظر تھے۔
مالیاتی منڈیوں کی توجہ جیروم پاول کی جانب ہے کہ وہ ستمبر میں شرح سود میں ممکنہ کمی کے بارے میں اشارے دیں، خاص طور پر حالیہ کمزور ملازمت کے اعداد و شمار اور قلیل مدتی پالیسی کے منظر نامے کے بعد۔
ایم ایس سی آئی ایشیا-پیسیفک (جاپان کے علاوہ) کا سب سے وسیع انڈیکس 0.2 فیصد بڑھ گیا، اور اس ماہ اب تک 1.6 فیصد کے اضافے کے ساتھ بڑھا۔ جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس 1 فیصد کے اضافے کے ساتھ آگے رہا، جبکہ چین کا سی ایس آئی 300 مسلسل تیسرے دن اضافہ کر رہا تھا۔
نکئی 225 اتار چڑھاؤ کے ساتھ ٹریڈ ہوا اور آخری بار 0.1 فیصد اوپر تھا۔
ایس اینڈ پی 500 فیوچرز 0.1 فیصد اوپر تھے۔ وال اسٹریٹ کی کیش مارکیٹ پانچ دن کی مندی کے بعد اس ماہ کے سب سے بڑے ہفتہ وار نقصان کی راہ پر ہے۔
تاجروں نے ستمبر میں ممکنہ کمی کے لیے شرطیں بڑھائی تھیں، خاص طور پر اس ماہ کے آغاز میں غیر متوقع طور پر کمزور پی رولز رپورٹ اور کسٹمز سے متعلقہ محدود قیمتوں کے دباؤ کے بعد۔
تاہم، جولائی کے اجلاس کے منٹس کے اجرا کے بعد مارکیٹ کی قیمتوں میں معمولی کمی آئی۔ سی ایم ای گروپ کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق، تاجروں نے اب ستمبر میں شرح سود میں کمی کے لیے 75 فیصد امکان پر شرط لگائی ہے، جو جمعرات کو 82.4 فیصد تھی۔
دریں اثناء انٹر بینک مارکیٹ میں جمعہ کو پاکستانی روپیہ کی قدر میں معمولی بہتری دیکھی گئی، جہاں اس نے امریکی ڈالر کے مقابلے میں 0.01 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا۔ کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے روپیہ 2 پیسے کے اضافے کے ساتھ 281.90 روپے پر بند ہوا۔ یہ روپے کی ڈالر کے مقابلے میں مسلسل گیارہویں روز بہتری ہے۔
تمام حصص پر مشتمل انڈیکس میں کاروباری حجم کم ہو کر 802.01 ملین شیئرز رہ گیا، جو پچھلے سیشن میں 1,062.99 ملین تھا۔
اسی طرح شیئرز کی مجموعی مالیت میں بھی کمی دیکھنے میں آئی، جو پچھلے کاروباری روز کے 55.82 ارب روپے سے گھٹ کر 40.45 ارب روپے رہ گئی۔
کاروباری حجم کے لحاظ سے یونٹی فوڈز لمیٹڈ سرِفہرست رہا، جس کے 64.08 ملین شیئرز کا لین دین ہوا۔ اس کے بعد پاک انٹرنیشنل بلک کے 63.81 ملین اور فوجی فوڈز لمیٹڈ کے 53.98 ملین شیئرز کا کاروبار ہوا۔
جمعہ کے روز مجموعی طور پر 479 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا، جن میں سے 251 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ، 199 کے شیئرز کی قیمت میں کمی، جبکہ 29 کمپنیوں کے نرخ مستحکم رہے۔