پاکستان

اہم علاقوں میں تیز رفتار سیاحتی منصوبوں کا فوری آغاز کیا جائے، وزیرِاعظم کی ہدایت

  • 20 نئے سیاحتی مقامات کی مرحلہ وار ترقی کے لیے نشاندہی کر لی گئی
شائع August 10, 2025 اپ ڈیٹ August 10, 2025 11:20am

وزیرِاعظم شہباز شریف نے جمعہ کے روز ہدایت کی کہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد سمیت اہم علاقوں میں قابلِ عمل اور تیز رفتار سیاحت کے منصوبوں کا فوری آغاز کیا جائے، تاکہ جلد نتائج حاصل کیے جا سکیں اور پاکستان کے سیاحت کے شعبے کو معاشی ترقی کا ایک اہم محرک بنایا جا سکے۔

وزیرِاعظم آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے اپنے سیاحت کے قومی کوآرڈینیٹر سردار یاسر الیاس خان کے پیش کردہ ’’بر وقت اور عملی‘‘ وژن کو سراہا، جنہوں نے ملک کو مذہبی، طبی اور تفریحی سیاحت کا علاقائی مرکز بنانے کے لیے ایک جامع روڈ میپ پیش کیا۔

سردار یاسرالیاس نے پاکستان کے متنوع قدرتی اور ثقافتی وسائل — برف پوش پہاڑوں اور قدیم تہذیبوں سے لے کر صحرا، جنگلات، دریا اور طویل ساحلی پٹی تک — کو معاشی بحالی کے لیے غیر استعمال شدہ مواقع کے طور پر اجاگر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ 20 نئے سیاحتی مقامات کی مرحلہ وار ترقی کے لیے نشاندہی کر لی گئی ہے اور اسلام آباد میں نیشنل ٹورزم ایکسپو اور انویسٹمنٹ کانفرنس کے انعقاد کی تجویز دی، تاکہ اس شعبے سے جڑے ملک بھر کے اسٹیک ہولڈرز کو یکجا کیا جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ کے اہم ارکان اور سینئر حکام شریک تھے، جن میں وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ آئی ٹی و ٹیلی کام شیزا فاطمہ خواجہ، وزیرِ ریلوے حنیف عباسی، وزیرِ ثقافت و ورثہ اورنگزیب کھچی، مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنااللہ، معاونِ خصوصی حزیفہ رحمان، وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ شامل تھے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025