ایران نے منگل کے روز تصدیق کی ہے کہ 13 جون سے اسرائیل کے ساتھ جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک ایران میں کم از کم 610 شہری شہید اور 4,700 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

وزارت صحت کے ترجمان حسین کرمان پور نے اموات کی تازہ ترین تعداد بتاتے ہوئے کہا کہ مرنے والے سب کے سب عام شہری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل 400 سے زائد اموات اور 3,056 زخمیوں کی اطلاع دی گئی تھی لیکن اب یہ تعداد بڑھ چکی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر لکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 12 دنوں کے دوران اسپتالوں کو انتہائی دل دہلا دینے والے مناظر کا سامنا رہا ہے۔

ایرانی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں مارے جانے والوں میں 13 بچے شامل تھے جن میں سب سے کم عمر صرف دو ماہ کا تھا۔ اس کے علاوہ پانچ ڈاکٹر اور ریسکیو اہلکار بھی جاں بحق ہوئے۔

وزارت نے مزید بتایا کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں سات اسپتالوں اور نو ایمبولینسوں کو بھی نقصان پہنچا۔