بینکاری شعبہ معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، ظفر مسعود
- ایس ایم ایز کے لیے مالی معاونت بڑھ کر 1.2 کھرب روپے ہوگئی
پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے چیئرمین اور بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے کہا ہے کہ پاکستان کا بینکاری شعبہ کاروباری اداروں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز)، زراعت اور ہاؤسنگ کے لیے مالی معاونت میں اضافے کے ذریعے نجی شعبے کو مضبوط بنارہا ہے اور اس طرح معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
کراچی پریس کلب (کے پی سی) کے دورے پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کو صرف جی ڈی پی کے حجم سے نہیں بلکہ اس بات سے بھی جانچنا چاہیے کہ اس کے ثمرات عام لوگوں تک کس حد تک پہنچتے ہیں اور ان کے گھریلو معیارِ زندگی میں کتنی بہتری آتی ہے۔ اسی مقصد کے تحت بینکاری شعبے نے گزشتہ دو برسوں کے دوران جامع معاشی ترقی کے فروغ کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز)، زراعت اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں مالی معاونت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کے لیے مالی معاونت تقریباً دو سال قبل 490 ارب روپے تھی جو بڑھ کر 1.2 کھرب روپے ہوگئی ہے جبکہ قرض حاصل کرنے والے ایس ایم ایز کی تعداد بھی تقریباً 2 لاکھ سے بڑھ کر 3 لاکھ 50 ہزار ہوگئی ہے۔
ظفر مسعود نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو ساتھ لیے بغیر پائیدار ترقی کا حصول مشکل رہے گا۔ اسی تناظر میں بینکاری شعبے کی موجودہ قیادت نے اس چیلنج کو تسلیم کرتے ہوئے زیادہ جامع معاشی ترقی کے لیے کام شروع کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے بینکوں کو 2028 تک 58 لاکھ کسانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کا ہدف دیا ہے۔ انہیں یقین ہے کہ بینک یہ ہدف حاصل کرلیں گے اور زرعی قرضوں کا حجم 1.3 کھرب روپے سے بڑھ کر 2028 تک 3.3 کھرب روپے ہوجائے گا۔
ظفر مسعود نے کہا کہ ہاؤسنگ فنانس کے شعبے میں بھی نمایاں ترقی ہوئی ہے۔ تقریباً دو سال قبل ستمبر میں ہاؤسنگ فنانس حاصل کرنے والوں کی تعداد لگ بھگ 65 ہزار تھی جبکہ اس مد میں واجب الادا قرضوں کا مجموعی حجم 200 ارب روپے سے کم تھا۔ اس وقت ہاؤسنگ فنانس حاصل کرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ ہوگئی جبکہ منظور شدہ مالی معاونت 455 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہاؤسنگ فنانس اسکیم کے تحت اوسط قرضے کا حجم 15 لاکھ روپے ہے جب کہ وفاقی حکومت کے ہاؤسنگ پروگرام کے تحت اوسط مالی معاونت 60 لاکھ روپے ہے۔
بینکاری شعبے کی جانب سے معیشت میں اپنے کردار کو مناسب انداز میں اجاگر نہ کیے جانے کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بینکوں کو ان پیش رفت سے عوام کو باقاعدگی سے آگاہ کرنا چاہیے تھا۔
برآمدات کے لیے مالی معاونت کے حوالے سے ظفر مسعود نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں اضافے کے باوجود بینک برآمد کنندگان کو 4 فیصد شرح سود پر قرضے فراہم کر رہے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے پہلے فراہم کی جانے والی ایکسپورٹ ری فنانس اسکیم اب کمرشل بینک چلا رہے ہیں۔ ان کے مطابق بینک رعایتی شرح پر قرضوں کی فراہمی کی لاگت خود برداشت کر رہے ہیں اور اپنے منافع سے برآمد کنندگان کو تقریباً 100 ارب روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں۔
توانائی شعبے میں بینکاری صنعت کے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بینکوں نے گردشی قرضے میں کمی اور بجلی کی لاگت گھٹانے کی کوششوں میں معاونت کے لیے توانائی کے شعبے سے متعلق تقریباً 1.3 کھرب روپے کے قرضوں کی تنظیمِ نو کی ہے۔
ظفر مسعود نے کہا کہ قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کی نجکاری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے بھی بینکوں نے اس کے تقریباً 300 ارب روپے کے قرضوں کی تنظیمِ نو کرکے اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قرضوں کی اس تنظیمِ نو سے پی آئی اے کی نجکاری کی راہ ہموار ہوئی۔ یہ بینکوں کے لیے مالی لحاظ سے نقصان دہ فیصلہ تھا، تاہم یہ پاکستان کے لیے بینکاری شعبے کی خدمات کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل بینکاری تیزی سے فروغ پا رہی ہے اور اب بینکاری کے 92 فیصد لین دین ڈیجیٹل ذرائع سے ہورہے ہیں۔ کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی کی سہولت متعارف کرانے اور اس کے فروغ کے بعد ڈیجیٹل ادائیگیاں قبول کرنے والے تاجروں کی تعداد تقریباً 5 لاکھ سے بڑھ کر 20 لاکھ ہوگئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بینکاری شعبہ ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے شعبوں میں شامل ہے۔ گزشتہ سال بینکوں نے مجموعی ٹیکس وصولیوں میں 54 فیصد حصہ ڈالا، جبکہ ان کی مؤثر ٹیکس شرح 62 فیصد رہی۔
ظفر مسعود نے چارٹر آف سوسائٹی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افراد اور کاروباری اداروں کو دستاویزی معیشت کا حصہ بنانا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ہر شہری باضابطہ معاشی نظام میں شامل نہیں ہوگا، معاشی اصلاحات کے نتائج محدود رہیں گے۔
اس موقع پر پی بی اے کے چیف ایگزیکٹو منیر کمال نے کہا کہ پاکستان کو درپیش ایک بڑا معاشی چیلنج زرمبادلہ کے ذخائر کی کمی ہے جس کے باعث ملک کو مالی معاونت کے لیے بار بار آئی ایم ایف سے رجوع کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ براہِ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) اور برآمدات میں کم اضافے کے باعث بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر ملکی بیرونی کھاتے کو سہارا دینے کا ایک بڑا ذریعہ بن کر سامنے آئی ہیں۔ کارکنوں کی ترسیلات زر 41 ارب ڈالر سے تجاوز کرچکی ہیں، جو قومی معیشت میں ان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتی ہیں۔
منیر کمال نے کہا کہ حکومت کی جانب سے یکم جولائی 2026 سے ترسیلات زر کے لین دین پر فیس کی واپسی کی اسکیم ختم کرنے کے فیصلے کے بعد بینکاری شعبے نے اس کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بینکاری صنعت نے اسٹیٹ بینک کے تعاون سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو باضابطہ بینکاری ذرائع سے رقوم بھیجنے کی ترغیب دینے کے لیے پاسبان بینک اسکیم کے نام سے ایک نیا اقدام بھی متعارف کرایا ہے۔
منیر کمال نے کہا کہ بینک ہر سہ ماہی میں 4 ارب روپے کے انعامات تقسیم کریں گے، اس طرح سالانہ انعامی رقم 16 ارب روپے ہوجائے گی۔ اسکیم کے تحت ایسے بینک کھاتے انعامی قرعہ اندازی میں شرکت کے اہل ہوں گے جن میں مسلسل تین ماہ تک کم از کم 100 ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوں گی۔























Comments