احسن اقبال کل بنگلہ دیش کی نئی حکومت کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کریں گے
- وفاقی وزیر منصوبہ بندی وزیرِاعظم کے غیر ملکی دورے کے باعث پاکستان کی نمائندگی کرینگے
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کل بنگلہ دیش کے نو منتخب وزیرِاعظم کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کریں گے۔
دفترِ خارجہ کے ایک بیان کے مطابق احسن اقبال وزیرِاعظم پاکستان کے غیر ملکی دورے کے باعث بنگلہ دیش کے نو منتخب وزیرِاعظم کی تقریبِ حلف برداری میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
تقریب میں پاکستان کی شرکت بنگلہ دیش کے جمہوری عمل کیلئے اس کی حمایت کی عکاسی کرتی ہے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی طور پرتعاون کو گہرا کرنے کے عزم پر زور دیتی ہے۔
پلاننگ کمیشن کے مطابق وفاقی وزیر بنگلہ دیشی دارالحکومت میں اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کر کے سیاسی، معاشی اور اقتصادی شعبوں میں ترقی کی نئی راہیں ہموار کی جاسکتی ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعاون کے فروغ سے مستقبل میں سیاسی اور اقتصادی پیش رفت کے روشن امکانات پیدا ہوں گے۔
بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے 13 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں دو تہائی اکثریت کے ساتھ فیصلہ کن کامیابی حاصل کرلی ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ یہ نتیجہ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی جنریشن زی کی قیادت میں ہونے والی تحریک کے نتیجے میں برطرفی کے بعد مہینوں سے جاری ہنگامہ آرائی کے خاتمے اور استحکام کا باعث بنے گا۔
مقامی ٹی وی چینلز کے مطابق بی این پی اور اس کے اتحادیوں نے 299 نشستوں میں سے کم از کم 212 نشستیں جیت لی ہیں۔
اپوزیشن جماعت جماعتِ اسلامی اور اس کے اتحادیوں نے جاتیہ سنگسد (ایوانِ ملت) میں 70 نشستیں حاصل کی ہیں۔























Comments