وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے بدھ کے روز ایک اجلاس کی صدارت کی، جس میں مالی سال 26-2025 کے لیے وزارت خزانہ کی جانب سے وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کے لیے تجویز کردہ 1,000 ارب روپے کے پی ایس ڈی پی بجٹ کی حد کے تحت بجٹ تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیرِ منصوبہ بندی نے اگلے مالی سال کے لیے پی ایس ڈی پی بجٹ کے حجم میں کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ کی مؤثر ترجیحات طے کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے وزارتوں کو ہدایت دی کہ وہ ایسے منصوبوں پر توجہ مرکوز کریں جو قومی اہمیت کے حامل ہوں یا تکمیل کے آخری مراحل میں ہوں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزارتیں وزارت خزانہ کی جانب سے دی گئی 1,000 ارب روپے کی بجٹ حد کو مدنظر رکھیں، حالانکہ وزارتوں کی مجموعی طلب 3,000 ارب روپے اور وزارتِ منصوبہ بندی کی کم از کم ضرورت 1,600 ارب روپے ظاہر کی گئی ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزارتوں و ڈویژنز کے سیکریٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیر منصوبہ بندی نے ہدایت دی کہ رواں مالی سال کے اختتام تک تمام وزارتیں اپنے مختص شدہ فنڈز کا مکمل اور مؤثر استعمال یقینی بنائیں تاکہ منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل ممکن ہو۔ نئے منصوبوں کی ترجیح کا تعین قومی ترقیاتی ایجنڈے ”اُڑان پاکستان“ کے مطابق کیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ کم ہوتے ترقیاتی بجٹ کے تناظر میں مؤثر منصوبہ بندی، ترجیحی بنیادوں پر فنڈنگ، اور فنڈز کے ضیاع سے بچاؤ انتہائی ضروری ہے۔
وفاقی وزیر نے موجودہ عوامی مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے ملک میں جاری پانی کی قلت کو فوری توجہ کا متقاضی قرار دیا، اور دیامیر بھاشا ڈیم کی بروقت تکمیل کو ملکی آبی تحفظ کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کی آبی ذخیرہ صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا بلکہ سیلابی خطرات کو کم کرنے، آبپاشی اور گھریلو استعمال کے لیے پانی کی مسلسل فراہمی کو بھی یقینی بنائے گا۔ انہوں نے واٹر ریسورسز ڈویژن کے حکام کو ہدایت دی کہ ڈیم کی جلد تکمیل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں، کیونکہ یہ منصوبہ 4,500 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا اور پاکستان کی طویل المدتی ترقی و پائیداری میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
مزید برآں، وزیرِ منصوبہ بندی نے تمام وزارتوں کو ہدایت دی کہ وہ اُن اہم اور نازک منصوبوں کی فہرست تیار کریں جو ترقیاتی بجٹ میں کمی کے باعث متاثر ہونے کے خطرے سے دوچار ہو سکتے ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments