غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ جمعہ کو علی الصبح اسرائیلی فضائی حملے میں جنوبی شہر خان یونس میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد شہید ہو گئے، جن میں 7 بچے شامل ہیں۔

سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود باسل نے اے ایف پی کو بتایا کہ 10 افراد، جن میں 7 بچے شامل ہیں، کو شہید ہونے کے بعد اسپتال لایا گیا۔ یہ سب اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بننے والے الفارہ خاندان کے افراد تھے، جن کا گھر خان یونس کے مرکزی علاقے میں واقع ہے۔

جب اے ایف پی نے اس حملے سے متعلق اسرائیلی فوج سے رابطہ کیا تو فوج کا کہنا تھا کہ وہ اس حملے کی چھان بین کر رہی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق خان یونس میں اسرائیلی ٹینکوں کی شدید اور مسلسل گولہ باری جاری رہی ہے۔

سول ڈیفنس ایجنسی نے مزید بتایا کہ شمالی شہر بیت لاہیہ کے علاقے العطرہ میں اسرائیلی حملے میں عام شہریوں کے ایک گروہ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 2 افراد شہید ہو گئے۔

جمعہ کی صبح اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی کے مشرقی علاقوں کے رہائشیوں کو ایک فوری اور سنجیدہ انخلاء کی وارننگ جاری کی تھی۔

فوج کے عربی ترجمان اویخائی ادرعی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کہا تھا کہ آئی ڈی ایف آپ کے علاقوں میں دہشت گردی کے انفراسٹرکچر کو تباہ کرنے کے لیے شدید طاقت کے ساتھ کارروائی کر رہی ہے۔ اپنی حفاظت کے لیے فوراً ان علاقوں کو خالی کریں اور مغربی غزہ سٹی میں موجود معروف پناہ گاہوں کی جانب منتقل ہو جائیں۔

Comments

200 حروف