حماس نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کی جانب سے یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلے کے ایک روز بعد اتوار کے روز جنوبی غزہ کے شہر رفح کے قریب ایک اسرائیلی حملے میں 2 پولیس اہلکارشہید اور ایک زخمی ہوا۔
حماس کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور تیسرا شدید زخمی ہوا ہے جب وہ رفح کے مشرق میں واقع الشوکا کے علاقے میں امداد حاصل کرنے کے لیے تعینات تھے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کی فضائیہ نے غزہ میں ایک فضائی حملہ کیا ہے جس میں متعدد مسلح افراد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آج صبح جنوبی غزہ کی پٹی میں فوجیوں کی طرف بڑھنے والے متعدد مسلح افراد کو اسرائیلی فضائیہ کے ایک طیارے نے نشانہ بنایا۔
اسرائیل اور فلسطینی اسلامی گروپ حماس کے درمیان 19 جنوری سے نافذ العمل ہونے والی نازک جنگ بندی نے ساحلی فلسطینی علاقے میں 15 ماہ سے زائد عرصے سے جاری لڑائی کو بڑی حد تک روک دیا ہے۔
اس کے بعد سے اسرائیل غزہ میں کم از کم ایک اور فضائی حملہ کر چکا ہے۔ 2 فروری کو اس نے کہا کہ اس کے ایک طیارے نے وسطی غزہ میں ایک مشکوک گاڑی کی طرف فائرنگ کی۔
اس جنگ بندی کا حال ہی میں اس وقت امتحان لیا گیا جب حماس نے کہا کہ وہ ہفتے کے روز اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہیں کرے گی اور اسرائیل پر معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کیا، خاص طور پر امداد کے داخلے کے موضوع پر۔
اس کے جواب میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے خبردار کیا تھا کہ اگر حماس نے ہفتے کی دوپہر تک یرغمالیوں کو واپس نہیں کیا تو اسرائیل غزہ میں شدید لڑائی دوبارہ شروع کرے گا۔
قطر اور مصر کی جانب سے ثالثی کے بعد قیدیوں کے تبادلے کا تازہ ترین عمل ہفتے کے روز عمل میں لایا گیا۔
Comments