وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران ملک بھر میں شوگر ملوں کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز پر چینی 130 روپے فی کلو دستیاب ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان المبارک کے لئے چینی کی قیمتوں کو حتمی شکل دینے کے لئے شوگر ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں اس بات کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی کہ ماہ مقدس کے دوران چینی مناسب قیمتوں پر دستیاب رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان شوگر اسٹالز پر ایک سے دو کلو گرام کے چھوٹے پیکجز میں چینی پیش کی جائے گی اور ایک شناختی کارڈ ہولڈر کو 5 کلو گرام تک چینی خریدنے کی اجازت ہوگی۔
یہ اسٹالز رمضان المبارک کے آغاز سے تین روز قبل فعال ہوجائیں گے اور 27 رمضان تک جاری رہیں گے جس سے صارفین کو وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔
رانا تنویر نے سپلائی چین کو ہموار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان اسٹالز کے موثر انتظام کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے پی ایس ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور کین کمشنر کے درمیان قریبی تعاون پر زور دیا تاکہ کسی بھی بدانتظامی یا لمبی قطاروں کو روکا جاسکے اور صارفین کے لئے پریشانی سے پاک تجربے کو یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے اسٹالز کی تعداد بڑھانے اور عوام کو بہتر طور پر فراہمی کرنے کے لئے اضلاع میں میونسپل کمیٹی کی سطح پر ان کے قیام کی بھی سفارش کی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ وہ چیف سکریٹریز کے ساتھ مل کر اس پورے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے تاکہ اس پر آسانی سے عملدرآمد اور کامیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔
Comments