وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے سعودی ہم منصب محمد بن عبداللہ الجدعان سے ملاقات کی جس میں علاقائی تعاون اور معاشی خوشحالی کو فروغ دینے کی سمت میں اہم پیش رفت کی گئی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ ملاقات تاریخی شہر الولا میں ایمرجنگ مارکیٹس کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔

محمد بن عبداللہ الجدعان نے محمد اورنگزیب کا سعودی عرب میں پرتپاک خیر مقدم کیا اور سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر وزیر مملکت اور کابینہ کے رکن ڈاکٹر حماد محمد الشیخ بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ مشیر خزانہ خرم شہزاد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات میں اقتصادی تعاون بڑھانے اور باہمی خوشحالی کو آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم پر زور دیا گیا۔

بات چیت میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور مالی تعاون کو بڑھانے کے مواقع پر روشنی ڈالی گئی اور دونوں وزراء نے اپنے ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری کی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔

دونوں وزرا نے بنیادی ڈھانچے، توانائی، ٹیکنالوجی اور فنانس سمیت اہم شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔

فریقین نے سرمایہ کاری کے بہاؤ اور اقتصادی مواقع کو آسان بنانے کے لئے مسلسل بات چیت اور مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیا جس سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ وسیع تر خطے کو بھی فائدہ ہوگا۔

ملاقات میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید تقویت ملی اور آنے والے برسوں میں اقتصادی تعاون اور تعاون میں اضافے کی راہ ہموار ہوئی۔

Comments

200 حروف