امریکی صدر جو بائیڈن نےاوول آفس میں اپنی تقریر کے دوران کہا کہ وہ ملک کو متحد کرنے کے لیے 2024 کے انتخابات سے دستبردار ہوئے ہیں ، اب وقت آگیا ہے کہ قیادت کو نوجوانوں تک پہنچایا جائے۔

81 سالہ امریکی صدر نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے اس دفتر کا بے حد احترام ہے لیکن میں اپنے ملک سے زیادہ پیار کرتا ہوں، انہوں نے عوام پر زور دیا کہ عوام جمہوریت کو اپنائیں اور نفرت سے بچیں۔

جوبائیڈن نے کہا کہ میرے لیے جمہوریت کسی بھی عہدے سے زیادہ اہم ہے جو اس وقت داؤ پر لگی ہوئی ہے، لہذا میں نے فیصلہ کیا کہ آگے بڑھنے کا یہی بہترین طریقہ ہے کہ مشعل کو نئی نسل کے حوالے کیا جائے اور یہی قوم کو متحد کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔

انتخاب سے دستبرداری کے اعلان کے بعد قوم سے اپنے پہلے ٹیلی ویژن خطاب میں امریکی صدر نے نائب 59 سالہ کاملا ہیریس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کاملا ہیرس تجربہ کار ہونے کے ساتھ قابل بھی ہیں۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مباحثے کے دوران بدترین کارکردگی کے بعد بائیڈن کو اپنی عمر کے حوالے سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، اور گزشتہ دو ہفتوں سے انہیں اپنے ہی پارٹی ارکان کی جانب سے دباؤ کا سامنا تھا۔

کووڈ انفیکشن کے بعد دبی آواز میں بات کرتے ہوئے بائیڈن نے اپنی کامیابیوں پر زور دینے کے لیے طاقتور علامتی ماحول کا استعمال کیا اور اعتراف کیا کہ اب آگے بڑھنے کا وقت آگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی آوازوں کے لیے ایک وقت اور جگہ ہے اور وہ وقت اور جگہ اب ہے.

بائیڈن کی سیاسی زندگی کے مشکل فیصلے کے بعد ان کی حمایت میں ان کے خاندان کے زیادہ تر افراد اوول آفس میں بیٹھے ان کی تقریر سن رہے تھے۔

بائیڈن کے انخلا نے ٹرمپ کی انتخابی مہم کو نقصان پہنچایا ہے، جس نے پہلے صدر کی عمر اور ذہنی شدت پر توجہ مرکوز کی تھی۔ اب یہ 78 سالہ ٹرمپ ہیں جو امریکی تاریخ کے معمر ترین امیدوار ہیں۔

تقریر کے حوالے سے ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ “جو بائیڈن کی اوول آفس کی تقریر مشکل سے قابل فہم تھی، اور بہت بری تھی

ری پبلکنز نے بائیڈن سے مکمل طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ دوبارہ انتخاب کے لیے کھڑے ہونے کے اہل نہیں ہیں تو وہ صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے اہل نہیں ہیں۔

تاہم بائیڈن نے اس بات پر زور دیا کہ وہ کمزور نہیں ہیں اور وہ اپنے عہدے کے باقی وقت میں معیشت اور خارجہ پالیسی کے اہم امور پر کام کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے چھ ماہ میں میں صدر کی حیثیت سے اپنا کام کرنے پر توجہ مرکوز کروں گا۔

Comments

200 حروف