شمالی کوریا اور چین کے درمیان سربراہی اجلاس کے انعقاد کے امکانات کا اندازہ لگانا مشکل ہے، جنوبی کوریا
- جاپانی خبر رساں ادارے کیوڈو نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن دسمبر کے اوائل میں چین کے کئی شہروں کا دورہ اور صدر شی جن پنگ سے ملاقات کرسکتے ہیں
جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا اور چین کے درمیان سربراہی اجلاس کے انعقاد کے امکانات کا اندازہ لگانا مشکل ہے، تاہم ایسی ملاقات خوش آئند ہوگی۔ جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی نیوزس کے مطابق صدر لی نے سیئول میں ایک پہاڑی پر چہل قدمی کے دوران صدارتی پریس کور سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں کئی عوامل کارفرما ہیں، اس لیے قابلِ اعتماد پیش گوئی ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا دونوں کوریاؤں کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنا ممکنہ کردار ادا کرے گا، کیونکہ خطے میں تناؤ کا خاتمہ اہم ہے۔
جاپانی خبر رساں ادارے کیوڈو نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن دسمبر کے اوائل میں چین کے کئی شہروں کا دورہ اور صدر شی جن پنگ سے ملاقات کرسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چین کے سرحدی شہر ڈانڈونگ میں دونوں ممالک کو ملانے والی ریلوے کے اطراف ہفتے کی شب حفاظتی پردے نصب کیے گئے۔ اسی طرح چین اور شمالی کوریا کے دوستی پل کے قریب واقع ایک ہوٹل نے 4 دسمبر تک بکنگ بند کردی ہے۔
کم جونگ اُن نے گزشتہ اکتوبر میں ڈانڈونگ کا ایک روزہ دورہ کیا تھا۔ شی جن پنگ اور کم جونگ اُن کی آخری ملاقات جون میں پیانگ یانگ میں ہوئی تھی، جہاں دونوں رہنماؤں نے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔


Comments