بھارتی پولیس نے میٹا کے دفاتر کے باہر احتجاج کرنے والوں کو واٹر کینن سے منتشر کردیا
- کانگریس کے یوتھ ونگ کے کارکنوں نے میٹا کے دفاتر کے باہر بڑے پیمانے پر احتجاج کیا اور الزام عائد کیا کہ کمپنی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے مفادات کے لیے کام کررہی ہے
بھارت کی شمالی ریاست ہریانہ میں پولیس نے میٹا کے دفاتر کے باہر احتجاج کرنے والے مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس کے کارکنوں کو واٹر کینن کا استعمال کرکے منتشر کردیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا تھا کہ کمپنی حزب اختلاف کی آوازوں کو دبانے کے لیے مواد کی سنسرشپ کررہی ہے۔
کانگریس کے یوتھ ونگ کے کارکنوں نے میٹا کے دفاتر کے باہر بڑے پیمانے پر احتجاج کیا اور الزام لگایا کہ کمپنی وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے مفادات کے لیے کام کررہی ہے۔ صارفین کی تعداد کے لحاظ سے اپنی سب سے بڑی مارکیٹ میں یہ احتجاج فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا کے لیے بڑے چیلنجز میں سے ایک بن گیا ہے۔
میٹا کا کہنا ہے کہ وہ بھارت میں مقامی قوانین کے مطابق مواد کو محدود کرتی ہے۔ کمپنی نے احتجاج کے حوالے سے عوامی سطح پر کوئی بیان نہیں دیا، تاہم معاملے سے واقف افراد کے مطابق کانگریس کے ساتھ بند کمرے میں ہونے والی ایک ملاقات میں اس نے واضح کیا کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کے حوالے سے غیر جانب دار ہے۔
اپوزیشن جماعت کانگریس کے یوتھ ونگ نے میٹا اور بھارتی حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کردیا ہے، جس میں ایک ایسے ضابطے کو ختم کرنے کی درخواست کی گئی ہے جس کے تحت کسی پوسٹ کو ہٹانے کے انفرادی حکم کے بعد خودکار نظام کے ذریعے اس کی نقلیں بھی تلاش کرکے حذف کرنا لازم قرار دیا گیا ہے۔ اس ضابطے کے باعث مواد پر پابندیوں کا دائرہ نمایاں طور پر وسیع ہوگیا ہے۔
کانگریس کے یوتھ ونگ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ گروگرام میں میٹا کے دفتر کے باہر احتجاج کے دوران پولیس نے کارکنوں پر واٹر کینن سے ’’گندا‘‘ پانی پھینکا اور انہیں بھگو دیا۔ تنظیم نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ آزادی اظہار کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین کے خلاف طاقت استعمال کررہی ہے۔
رائٹرز کے ایک عینی شاہد کے مطابق پولیس نے پارٹی کے چند حامیوں کو حراست میں لیا، تاہم بعد میں انہیں رہا کردیا گیا۔
وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس کا کہنا ہے کہ مواد پر پابندیوں کے باعث اسے آئندہ سال ہونے والے ریاستی انتخابات سے قبل نقصان پہنچ رہا ہے، جبکہ ان انتخابات میں فیس بک اور انسٹاگرام انتخابی مہم کے اہم ذرائع ثابت ہوسکتے ہیں۔


Comments