زونگ نے مقررہ مدت سے قبل 5G کی ایک ہزار سے زائد سائٹس قائم کر لیں
پاکستان کی موبائل نیٹ ورک آپریٹر کمپنی زونگ نے ملک بھر میں 1,000 فائیو جی سائٹس کا سنگِ میل عبور کرلیا ہے، یوں سال کے اختتام سے قبل ہی 2026ء کے لیے مقرر کردہ اپنا رول آؤٹ ہدف حاصل کر لیا ہے۔
کمپنی اب اپنی نیکسٹ جنریشن نیٹ ورک سروس کے ذریع اس ہدف سے بھی آگے بڑھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس بات کا انکشاف زونگ 5G میڈیا میٹ اَپ کے دوران کیا گیا۔ اس موقع پر زونگ کے عہدیداران، جن میں ریجنل چیف ٹیکنیکل آفیسر فرحان کریم، ریجنل ہیڈ آف گورنمنٹ اینڈ کارپوریٹ بزنس سلوشنز فرحان ذاکر، ریجنل جنرل منیجر کمرشل اورنگزیب خان، سینئر منیجر آر اے این کنٹرول رضوان رشید خان اور سینئر منیجر ہوم سیگمنٹ محمد عدیل انصاری شامل تھے نے میڈیا کو زونگ میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔
زونگ کے عہدیداران کے مطابق کمپنی نے 19 مارچ کو کمرشل بنیادوں پر 5G سروس کا آغاز کیا تھا جو اب 35 سے زائد شہروں میں دستیاب ہے۔ اس طرح سروس کا دائرہ ابتدائی طور پر شامل 16 سے زائد شہروں کے مقابلے میں تقریباً دوگنا ہوچکا ہے۔ نیٹ ورک کی سب سے زیادہ توسیع وفاقی دارالحکومت کے علاقے میں کی گئی۔ زونگ اسلام آباد اور راولپنڈی میں ایک ہزار سے زائد نیٹ ورک سائٹس چلارہا ہے جن میں 275 سے زیادہ فائیوجی سائٹس شامل ہیں جو جڑواں شہروں میں کسی بھی موبائل آپریٹر کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں۔زونگ واحد موبائل آپریٹر بھی ہے جس نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 5G کے لیے تیار اِن ڈور اینٹینا سسٹم نصب کیا ہے۔
زونگ حکام نے بتایا کہ اس نیٹ ورک کے ذریعے اب زونگ ہوم فائی سروس بھی فراہم کی جارہی ہے جسے کمپنی پاکستان کی پہلی 5G فکسڈ وائرلیس ہوم براڈبینڈ سروس قرار دیتی ہے۔ اکتوبر میں متعارف کرائی گئی یہ سروس موبائل نیٹ ورک کے ذریعے پلگ اینڈ پلے راؤٹر پر براڈبینڈ انٹرنیٹ فراہم کرتی ہے جس کے لیے فائبر یا کسی قسم کی وائرنگ کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ان کے مطابق وائی فائی 6 راؤٹر کی قیمت 22 ہزار روپے ہے, یہ بیک وقت 64 صارفین کو کنکشن فراہم کر سکتا ہے۔


Comments